برسات میں جلد کو صحت مند رکھنے کے لیے کن باتوں کا خیال رکھا جائے؟

اس موسم میں معمول کی نسبت جلد کی صفائی اور حفاظت زیادہ ضروری ہو جاتی ہے

مون سون کا موسم جہاں موسم کی شدت کم کرکے خوشگوار احساس دیتا ہے، وہیں فضا میں بڑھتی ہوئی نمی جلد کے لیے کئی نئے مسائل بھی پیدا کر سکتی ہے۔ ماہرین کے مطابق خاص طور پر حساس اور چکنی جلد رکھنے والی خواتین کو اس موسم میں اپنی اسکن کی دیکھ بھال پر خصوصی توجہ دینی چاہیے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ برسات کے دوران ہوا میں نمی بڑھنے سے جلد پر دانے، کیل مہاسے، خارش اور دیگر الرجی کی شکایات پیدا ہونے کا امکان بڑھ جاتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اس موسم میں معمول کی نسبت جلد کی صفائی اور حفاظت زیادہ ضروری ہو جاتی ہے۔

ان کے مطابق خشک موسم میں جراثیم فضا میں گردش کرتے رہتے ہیں، جبکہ بارشوں کے دنوں میں نمی کے باعث یہ مختلف سطحوں پر جم جاتے ہیں اور وہاں موجود رہ کر ایسے مادے خارج کرتے ہیں جو جلد پر منفی اثر ڈال سکتے ہیں۔ اس کے نتیجے میں بعض افراد کو خارش، سوزش یا دانوں جیسے مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

ماہرین مشورہ دیتے ہیں کہ چکنی اور حساس جلد رکھنے والی خواتین دن میں مناسب وقفوں سے چہرہ صاف کریں اور جلد کو غیر ضروری چکنائی سے محفوظ رکھیں۔ غسل کے بعد اینٹی سیپٹک لوشن کا استعمال مفید ثابت ہو سکتا ہے، جبکہ ٹیلکم پاؤڈر بھی جلد کو خشک رکھنے اور نمی کے اثرات کم کرنے میں مدد دیتا ہے۔

قدرتی طریقوں سے جلد کی حفاظت کے لیے ایلوویرا جیل بھی ایک اچھا انتخاب سمجھا جاتا ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ جلد کو ٹھنڈک پہنچانے، نمی برقرار رکھنے اور معمولی جلن یا سوزش کم کرنے میں معاون ثابت ہو سکتا ہے۔

انہوں نے یہ بھی تاکید کی ہے کہ جہاں تک ممکن ہو جلد کو براہِ راست بارش کے پانی سے محفوظ رکھا جائے، کیونکہ آلودہ بارش کا پانی حساس جلد پر الرجی یا دیگر مسائل پیدا کر سکتا ہے۔ مناسب احتیاط اور باقاعدہ اسکن کیئر کے ذریعے برسات کے موسم میں بھی جلد کو صحت مند اور تروتازہ رکھا جا سکتا ہے۔

Load Next Story