پی پی پی کا آبی دہشتگری کے خلاف مرسوں مرسوں سندھو نہ ڈیسوں ریلیاں نکالنے کا اعلان

بھارت کی جانب سے ہمارا پانی روکنا ہمارے وجود کے لیے خطرہ ہے، صدر پی پی پی سندھ نثار کھوڑو

فوٹو: فائل

پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) سندھ نے بھارتی آبی دہشت گردی کے خلاف احتجاج کا فیصلہ کرتے ہوئے اتوار کو صوبے بھر میں مرسوں مرسوں سندھو نہ ڈیسوں ریلیاں نکالنے کا اعلان کردیا۔

پی پی پی سندھ کے صدر نثار کھوڑو نے کہا کہ پیپلز پارٹی اپنے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے نعرے کے تحت اتوار (12جولائی) کو سندھ بھر کے تمام ضلعی ہیڈکوارٹرز میں مرسوں مرسوں سندھو نہ ڈیسوں ریلیاں نکالے گی۔

انہوں نے ہدایت کی کہ پیپلز پارٹی کی تمام ضلعی تنظیمیں اپنے اپنے اضلاع میں پانی پر ڈاکے کے خلاف مرسوں مرسوں سندھو نہ ڈیسوں بھرپور طریقے سے ریلیاں نکالیں۔

پی پی پی سندھ کے صدر نے کہا کہ پاکستان کے لیے سندھو دریا اور پانی ہماری بقا اور زندگی ہے جس کا گلہ گھونٹنے نہیں دیا جائے گا، بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کو یکطرفہ معطل رکھنا بین الاقوامی معاہدے کی کھلی خلاف ورزی ہے، بھارت سندھ طاس معاہدے کو یک طرفہ معطل یا ختم نہیں کرسکتا۔

ان کا کہنا تھا کہ پانی کو ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے کی کوشش خطے کے امن کے لیے خطرہ ہوگی، دریائے سندھ سے گذر بسر اور زندگی وابستہ ہے اور دریا کا گلہ گھونٹ کر زندگیاں چھیننے کی کوشش کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ دریاؤں کے قدرتی بہاؤ اور پانی کے منصفانہ استعمال کے اصولوں کو تسلیم کیا جانا چاہیے، پاکستان کو پانی احسان کے طور پر نہیں بلکہ ایک بین الاقوامی معاہدے کے تحت دیا گیا تھا جس کے تحت پاکستان کو مغربی دریاؤں کے پانی کے مکمل استعمال کا بنیادی حق دیا گیا ہے۔

نثار کھوڑو نے کہا کہ بھارت کی جانب سے ہمارا پانی روکنا ہمارے وجود کے لیے خطرہ ہے اور پیپلز پارٹی سندھو دریا کا گلہ گھونٹنے نہیں دے گی، سندھو دریا اور اپنے پانی کے تحفظ کے لیے ہر فورم پر آواز اٹھائیں گے، سندھو دریا کے پانی پر کسی کو ڈاکا ڈالنے نہیں دیں گے۔

صدر پی پی پی سندھ نے مطالبہ کیا کہ پانی کے 1991معاہدے کے تحت صوبوں کے درمیان پانی کی شفاف تقسیم کی جائے، چشمہ جہلم لنک کینال اور ٹی پی لنک کینال فلڈ کینال ہیں ان کینالوں میں پانی کا مسلسل بہاؤ بند کیا جائے۔

Load Next Story