سونیا حسین اور علی رحمان فلم ’’ڈبل سیاپا‘‘ میں ایک ساتھ جلوہ گر ہونے کو تیار

علی رحمان خان اور سونیا حسین کی مشترکہ فلم ’ڈبل سیاپا‘ کی شوٹنگ برطانیہ میں شروع ہوگی

پاکستانی شوبز انڈسٹری کے دو معروف اداکار علی رحمان خان اور سونیا حسین پہلی بار فلم ’ڈبل سیاپا‘ میں مرکزی کرداروں کے ساتھ ناظرین کی توجہ حاصل کرنے کے لیے تیار ہیں۔

ہدایتکار کاشف سلیم کی اس نئی فلم کی شوٹنگ آئندہ ہفتے برطانیہ میں شروع ہونے جا رہی ہے، جبکہ فلم کے اعلان کے ساتھ ہی مداحوں میں خاصا جوش و خروش دیکھنے میں آ رہا ہے۔

فلم ’ڈبل سیاپا‘ میں علی رحمان خان اور سونیا حسین کے علاوہ ڈوڈی خان اور سیف علی خان بھی اہم کردار ادا کرتے نظر آئیں گے۔ اگرچہ فلم کی کہانی اور دیگر تفصیلات تاحال سامنے نہیں لائی گئیں، تاہم کاسٹ کو دیکھتے ہوئے شائقین کو ایک منفرد اور بھرپور تفریحی فلم کی امید ہے۔

دوسری جانب سونیا حسین بھی پاکستان کی باصلاحیت اداکاراؤں میں شمار ہوتی ہیں۔ وہ ’عشق زہے نصیب‘، ’سراب‘، ’تیرے بنا‘، ’میرے ہمدم میرے دوست‘ اور متعدد مقبول ڈراموں میں اپنی جاندار اداکاری کا مظاہرہ کر چکی ہیں۔ ٹیلی ویژن کے ساتھ ساتھ وہ فلمی دنیا میں بھی اپنا جلوہ دکھا رہی ہیں اور مختلف نوعیت کے کردار نبھانے کی وجہ سے انہیں ایک ورسٹائل اداکارہ سمجھا جاتا ہے۔

ہدایتکار کاشف سلیم کی یہ فلم اس وقت ابتدائی مراحل میں ہے، تاہم اس کی بین الاقوامی لوکیشن اور نمایاں فنکاروں پر مشتمل کاسٹ نے ریلیز سے پہلے ہی فلم بینوں کی دلچسپی بڑھا دی ہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ ’ڈبل سیاپا‘ پاکستانی سنیما میں کامیابی کی نئی مثال قائم کر پاتی ہے یا نہیں۔

Load Next Story