یونانی فضائیہ کے ایف-16 جنگی طیارے میں دورانِ پرواز آگ لگ گئی، پائلٹ محفوظ

واقعہ یونان کے مشہور سیاحتی جزیرے زاکنتھوس کے ہوائی اڈے کے قریب پیش آیا

ایتھنز: یونانی فضائیہ کے ایک ایف-16 لڑاکا طیارے میں دورانِ پرواز فنی خرابی کے باعث آگ لگ گئی، جس کے بعد پائلٹ نے مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے طیارے کی ہنگامی لینڈنگ کر کے اپنی جان بچا لی۔

ترک میڈیا رپورٹس کے مطابق واقعہ یونان کے مشہور سیاحتی جزیرے زاکنتھوس کے ہوائی اڈے کے قریب پیش آیا، جہاں طیارے کو فوری طور پر ایمرجنسی لینڈنگ کرنی پڑی۔

یونانی فضائیہ کے مطابق ایف-16 طیارہ ایک معمول کی تربیتی پرواز پر تھا کہ اچانک اس میں فنی خرابی پیدا ہوگئی۔ پائلٹ کو دورانِ پرواز آگ لگنے کا انتباہ موصول ہوا، جس کے بعد اس نے فوری طور پر قریبی ہوائی اڈے کا رخ کیا۔

رپورٹس کے مطابق طیارہ لینڈنگ گیئر مکمل طور پر کھولے بغیر رن وے پر اترا، جس کے باعث وہ درجنوں میٹر تک پھسلتا رہا۔ لینڈنگ کے فوراً بعد طیارے میں آگ بھڑک اٹھی، تاہم ہوائی اڈے پر موجود فائر فائٹرز اور ریسکیو ٹیموں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پا لیا۔

یونانی فضائیہ نے تصدیق کی ہے کہ پائلٹ مکمل طور پر محفوظ ہے اور اس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ حکام نے واقعے کی مکمل تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ فنی خرابی اور آگ لگنے کی اصل وجہ معلوم کی جا سکے۔

حادثے کے بعد احتیاطی تدابیر کے طور پر زاکنتھوس ایئرپورٹ کو عارضی طور پر بند کر دیا گیا، جس کے باعث چند پروازیں بھی متاثر ہوئیں۔

Load Next Story