گورنر کے تحفظات کے باوجود کے کے اختیارات، استحقاق اور مراعات سے متعلق قانون نافذ ہونے کا انکشاف
گورنر خیبرپختونخوا کے تحفظات کے باوجود صوبے میں اراکین اسمبلی کے اختیارات، استحقاق اور مراعات سے متعلق قانون نافذ ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
ذرائع کے مطابق گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے فنانس کمیٹی بل پر دستخط سے قبل اپنے تحفظات ریکارڈ کرائے تھے اور بل پر دستخط کے ساتھ کفایت شعاری پالیسی پر عمل درآمد پر زور دیا تھا۔
گورنر نے بل پر عمل درآمد وزیراعظم کے 14 نکاتی کفایت شعاری پروگرام کے مطابق کرنے کی ہدایت دی تھی، جبکہ غیر ضروری اخراجات، مراعات اور ایندھن کے استعمال میں کمی کی بھی سفارش کی تھی۔
انہوں نے سرکاری وسائل کے مؤثر اور ذمہ دارانہ استعمال پر زور دیتے ہوئے عالمی معاشی چیلنجز کے باعث مالی نظم و ضبط کو ناگزیر قرار دیا تھا۔
گورنر فیصل کریم کنڈی نے امریکہ۔ایران جنگ کے معاشی اثرات کے تناظر میں کفایت شعاری اپنانے، بل کو وفاقی معاشی ہنگامی فریم ورک سے ہم آہنگ رکھنے اور فنانس کمیٹی قانون پر عمل درآمد کے دوران مالی نظم و ضبط یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی تھی۔