’جنگ ابھی ختم نہیں ہوئی‘ نیتن یاہو نے ایک بار پھر ایران کو وارننگ دے دی
اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے ایران کو ایک بار پھر سخت وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ جاری تنازع ابھی ختم نہیں ہوا اور اسرائیل ہر ممکن صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق نیتن یاہو نے اسرائیلی فضائیہ کی گریجویشن تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کی قومی سلامتی کا سب سے اہم ستون اس کی فضائی برتری ہے جسے ہر صورت برقرار رکھا جائے گا۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایران کو حالیہ کشیدگی کے دوران شدید نقصان پہنچا ہے تاہم اب بھی نئے سکیورٹی چیلنجز سامنے آ رہے ہیں جن سے نمٹنے کے لیے اسرائیل اپنی دفاعی تیاریوں کو مزید مضبوط بنا رہا ہے۔
اسرائیلی وزیراعظم نے کہا کہ ان کی حکومت کی پالیسی بالکل واضح ہے کہ ایران کو کسی بھی صورت جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی خواہ اس مقصد کے لیے کوئی معاہدہ موجود ہو یا نہ ہو۔
نیتن یاہو کے مطابق اگر اسرائیل نے بروقت کارروائی نہ کی ہوتی تو ایران جوہری ہتھیار حاصل کرنے کے قریب پہنچ سکتا تھا۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ جنگ ابھی ختم نہیں ہوئی، اور ہمارے سامنے نئے چیلنجز مسلسل سامنے آ رہے ہیں۔
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی پر مبنی مفاہمتی فریم ورک شدید دباؤ کا شکار ہے اور خطے میں دوبارہ کشیدگی بڑھنے کے خدشات ظاہر کیے جا رہے ہیں۔
دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ اسرائیلی وزیراعظم کے حالیہ بیانات سے ظاہر ہوتا ہے کہ تل ابیب ایران کے خلاف اپنی سخت پالیسی برقرار رکھنا چاہتا ہے، جبکہ خطے کی مجموعی سکیورٹی صورتحال آئندہ دنوں میں مزید پیچیدہ ہو سکتی ہے۔