کراچی میں اغوا ہونے والا بچہ 9 گھنٹے بعد بازیاب

ملزمان کو واردات میں استعمال ہونے والی گاڑی کی مدد سے ٹریس کیا گیا

کراچی میں ایک اور معصوم بچے کو مبینہ طور پر اغوا کرلیا گیا جسے پولیس نے 9 گھنٹے بعد بازیاب کرالیا۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز سعود آباد سے گیارہ سالہ بچے کو اغوا کرلیا گیا تھا، واقعے کا مقدمہ سعود آباد تھانے میں درج کیا گیا۔

اہلخانہ کے مطابق بچہ چیز لینے گیا تھا کہ ایک کالے شیشے والی گاڑی بچے کو اٹھا کر لے گئی، اہل محلہ نے گاڑی کا تعاقب بھی کیا لیکن مبینہ اغوا کار فرار ہوگئے۔

ایس ایس پی کورنگی کا کہنا ہے کہ بچے کو اغوا کے بعد ایک گھر میں رکھا گیا تھا، پولیس موقع پر پہنچی تو ملزمان بچے کو چھوڑ کر فرار ہوگئے۔

انہوں نے بتایا کہ ملزمان کو واردات میں استعمال ہونے والی گاڑی کی مدد سے ٹریس کیا گیا، اغوا کے بعد 9 گھنٹے کے اندر مغوی بچے کو بازیاب کرایا گیا۔

Load Next Story