چین نے خلائی تاریخ رقم کر دی، استعمال شدہ راکٹ کو کامیابی سے واپس زمین پر اتار لیا

اس کامیابی کے بعد چین دوبارہ استعمال ہونے والے راکٹس کی دوڑ میں مزید مضبوط پوزیشن حاصل کر سکتا ہے

چین نے اپنے خلائی پروگرام میں ایک اہم سنگ میل عبور کرتے ہوئے لانگ مارچ-10B راکٹ کی پہلی آزمائشی پرواز کامیابی سے مکمل کر لی ہے۔

اس کے ساتھ ہی چین نے پہلی مرتبہ راکٹ کے پہلے مرحلے کو سمندر میں نصب خصوصی جال  کے ذریعے کامیابی سے واپس نیچے اتار لیا۔

چینی حکام کے مطابق یہ چین کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ہے کہ کسی راکٹ کے پہلے مرحلے کو منصوبہ بندی کے تحت محفوظ طریقے سے واپس حاصل کیا گیا ہے۔ اس کامیابی کو مستقبل میں دوبارہ استعمال کیے جانے والے راکٹس کی تیاری کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ راکٹ کے پہلے مرحلے کی کامیاب بازیابی سے خلائی مشنز کی لاگت میں نمایاں کمی لانے میں مدد مل سکتی ہے، کیونکہ راکٹ کے مہنگے حصوں کو دوبارہ استعمال کرنا ممکن ہو جائے گا۔

لانگ مارچ-10B چین کے جدید خلائی منصوبوں کا اہم حصہ ہے اور توقع کی جا رہی ہے کہ مستقبل میں اسے چاند اور دیگر گہرے خلائی مشنز میں بھی استعمال کیا جائے گا۔

خلائی تجزیہ کاروں کے مطابق اس کامیابی کے بعد چین دوبارہ استعمال ہونے والے راکٹس کی دوڑ میں مزید مضبوط پوزیشن حاصل کر سکتا ہے، جہاں پہلے ہی کئی عالمی خلائی ادارے اور نجی کمپنیاں جدید ری یوز ایبل ٹیکنالوجی پر کام کر رہی ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ کامیابی نہ صرف چین کے خلائی پروگرام بلکہ عالمی خلائی صنعت کے لیے بھی ایک اہم پیش رفت سمجھی جا رہی ہے، کیونکہ مستقبل میں کم لاگت اور زیادہ مؤثر خلائی مشنز کی راہ مزید ہموار ہو سکتی ہے۔

Load Next Story