امریکا: 93 سالہ ٹرک ڈرائیور نے گینیز ورلڈ ریکارڈ پر نظریں جما لیں
امریکا میں 93 سالہ شہری نے معمر ترین ٹرک ڈرائیور کے گینیز ورلڈ ریکارڈ پر نظریں جما لیں۔
ریاست آئیووا سے تعلق رکھنے والے اورِن اسمس (جو اگست میں 94 برس کے ہو جائیں گے) 19 سال کی عمر سے ٹرک چلا رہے ہیں اور وہ گزشتہ 11 برس سے میک لافلن فریٹ کمپنی کے ساتھ بطور ٹرک ڈرائیور خدمات انجام دے رہے ہیں۔
کمپنی کے صدر اور شریک مالک ڈین میک لافلن نے ایک ساتھی ملازم کی نشاندہی پر جب معلوم ہوا کہ وہ ممکنہ طور پر دنیا کے معمر ترین فعال ٹرک ڈرائیور ہیں تو انہون نے اورِن اسمس کا نام گنیز ورلڈ ریکارڈ کے لیے جمع کرایا۔
اس وقت یہ ریکارڈ ڈوئل آرچر کے پاس ہے جن کی عمر دسمبر 2025 میں ریکارڈ اپ ڈیٹ کرتے وقت 92 سال تھی۔
اورِن اسمس اپنے 70 سال سے زائد طویل کیریئر میں 50 لاکھ میل سے زیادہ فاصلہ طے کر چکے ہیں اور امریکا کی ہوائی اور الاسکا کے علاوہ تمام ریاستوں میں ٹرک چلا چکے ہیں۔