60 برس کی عمر میں 18 کلو وزن میں کمی اور مائیگرین سے نجات، عامر خان نے اپنی خاص غذا بتادی

عامر خان باقاعدگی سے اینٹی انفلامیٹری ڈائٹ پر عمل کر رہے ہیں

بالی ووڈ کے معروف اداکار عامر خان نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے 60 سال کی عمر میں اپنی صحت کو بہتر بنانے کے لیے طرزِ زندگی میں تبدیلی اختیار کی، جس کے نتیجے میں نہ صرف ان کا 18 کلو وزن کم ہوا بلکہ انہیں برسوں سے پریشان کرنے والے مائیگرین کے حملوں میں بھی نمایاں کمی دیکھنے میں آئی۔

بھارتی میڈیا کو دیے گئے ایک حالیہ انٹرویو میں عامر خان نے بتایا کہ ان کا اصل مقصد وزن کم کرنا نہیں تھا بلکہ وہ مسلسل ہونے والے مائیگرین سے نجات حاصل کرنا چاہتے تھے۔ اسی مقصد کے تحت انہوں نے اینٹی انفلامیٹری غذا اپنائی، جس کے نتائج ان کی توقعات سے کہیں زیادہ بہتر ثابت ہوئے۔

اداکار کے مطابق اس غذائی نظام پر عمل کرنے کے بعد نہ صرف جسمانی وزن میں 18 کلوگرام کی کمی آئی بلکہ مائگرین کے اٹیکس بھی پہلے کے مقابلے میں بہت کم ہوگئے۔ انہوں نے اگرچہ اپنی روزمرہ خوراک کی مکمل تفصیلات شیئر نہیں کیں، تاہم واضح کیا کہ وہ باقاعدگی سے اینٹی انفلامیٹری ڈائٹ پر عمل کر رہے ہیں۔

عامر خان کے اس انکشاف کے بعد غذائی ماہرین نے بھی اس خوراک کی افادیت پر روشنی ڈالی۔ ان کے مطابق اینٹی انفلامیٹری ڈائٹ کسی عارضی فیشن یا وزن کم کرنے کے شارٹ کٹ کا نام نہیں بلکہ ایسا غذائی نظام ہے جو جسم میں سوزش کی کیفیت کو کم کرنے میں مدد دیتا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ مسلسل سوزش دل کے امراض، ذیابیطس، گٹھیا اور دیگر دائمی بیماریوں کے خطرات میں اضافہ کر سکتی ہے۔

طبی ماہرین کے مطابق اس غذائی منصوبے میں تازہ اور قدرتی خوراک کو ترجیح دی جاتی ہے۔ اس میں مختلف اقسام کے پھل، سبزیاں، ثابت اناج، جئی، براؤن چاول، کینوا، باجرہ، دالیں، پھلیاں، میوے، بیج، زیتون اور ایواکاڈو کا تیل، جبکہ اومیگا تھری سے بھرپور مچھلیاں شامل کی جاتی ہیں۔ اعتدال کے ساتھ سبز چائے، بغیر دودھ کی کالی چائے اور کافی بھی اس خوراک کا حصہ بن سکتی ہیں۔

اس کے برعکس اس غذائی نظام میں میٹھی اشیا، میٹھے مشروبات، ٹافیاں، پیک شدہ مٹھائیاں، سفید آٹے سے تیار کردہ غذائیں، تلی ہوئی اشیا، پراسیسڈ فوڈ اور ٹرانس فیٹس سے بھرپور خوراک سے گریز کی سفارش کی جاتی ہے۔

تحقیقی رپورٹس کے مطابق اینٹی انفلامیٹری غذا جسم میں سوزش کم کرنے کے ساتھ بہتر نیند، توانائی میں اضافہ، وزن کو متوازن رکھنے اور جوڑوں کی صحت بہتر بنانے میں بھی معاون ثابت ہو سکتی ہے۔

واضح رہے کہ عامر خان ماضی میں اپنی مختلف فلموں کے کرداروں کی ضرورت کے مطابق کئی بار جسمانی وزن اور ساخت میں نمایاں تبدیلیاں لا چکے ہیں، تاہم اس مرتبہ انہوں نے کسی فلمی کردار کے لیے نہیں بلکہ اپنی مجموعی صحت اور بہتر طرزِ زندگی کے حصول کے لیے یہ تبدیلی اختیار کی ہے۔
 

Load Next Story