کراچی؛ ہتھوڑا بردار ڈاکو موبائل فون شاپ سے لاکھوں روپے مالیت کے موبائل فونز لوٹ کر فرار

ڈاکو اپنے ساتھ ہتھوڑا بھی لے کر آئے تھے، جس کے ذریعے دکان کا شیشہ توڑا اور قیمتی موبائل فونز لے گئے

فوٹو: ایکسپریس

کراچی کے ضلع ملیر میں گلشن حدید میں موٹر سائیکلوں پر سوار ڈاکوؤں نے موبائل فون شاپ پر ڈکیتی کی واردات میں لاکھوں روپے مالیت کے موبائل فون لوٹ کر فرار ہوگئے اور ڈاکو اپنے ہمراہ دکان کے شیشے توڑنے کے لیے ہتھوڑا بھی ساتھ لائے تھے جبکہ واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

سوشل میڈیا پر وائرل سی سی ٹی وی فوٹیج میں موبائل فون شاپ سے لوٹے جانے والے موبائل فونز ڈاکو اپنے ہمراہ لائے ہوئے بیگوں میں بھرتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں اور اس دوران پولیس کا دور دور تک نام و نشان تک نہیں تھا۔

گلشن حدید میں موبائل فون شاپ پر واردات کے بعد دکان داروں میں شدید اشتعال پھیل گیا اور انہوں ںے ڈسٹرکٹ ملیر میں تعینات افسران کی ناقص کارکردگی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔

موبائل فون شاپ ڈکیتی کی واردات کی سوشل میڈیا پر وائرل سی سی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ گلشن حدید فیز ون میں قائم موبائل فون شاپ پر موٹر سائیکلوں پر سوار 4 ڈاکو آتے ہیں جس میں سے شلوار قمیض میں ملبوس ایک ڈاکو ہیلمٹ پہنا ہوا تھا جبکہ شلوار قمیض میں ملبوس دیگر 3 ڈاکوؤں میں سے 2 نے چہرے پر ماسک لگائے ہوئے تھے۔

فوٹیج میں ایک ڈاکو کا چہرہ واضح دکھائی دے رہا ہے، ڈاکو اپنے ہمراہ 2 بیگ اور ہتھوڑا بھی ساتھ لائے تھے جبکہ دکان کے کاؤنٹر پر خاتون سمیت 2 گاہک بھی موجود تھے کہ دکان پر پہنچتے ہی واضح چہرے والے ڈاکو نے ہتھوڑے کے مدد سے موبائل فون شاپ کے فرنٹ شیشے پر پے در پے وار کر کے اسے چکنا چور کر دیا جس کے بعد ایک ڈاکو دکان کا شوکیس پھلانگ کر دکان میں داخل ہوتا ہوا دکھائی دیا۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے ڈاکو کاؤنٹر سمیت دکان میں رکھے ہوئے موبائل فونز اٹھا کر اپنے ساتھیوں کو دیتا رہا جو انہیں اپنے ہمراہ لائے ہوئے بیگ میں بھرتے ہوئے دکھائی دیے اور انتہائی اطمینان کے ساتھ بڑی تعداد میں موبائل فون جس میں ڈبہ پیک بھی شامل تھے چند منٹوں میں لوٹ کر فرار ہوگئے۔

اس دوران قریب موجود افراد کی جانب سے ڈاکوؤں کی موبائل فون سے بھی ویڈیو بنائی جس پر فرار ہونے والے ڈاکوؤں کی جانب سے فائرنگ بھی کی گئی۔

دکان دار کا کہنا تھا کہ واردات کے دوران ڈاکو 35 لاکھ روپے سے زائد مالیت کے موبائل فونز لوٹ کر فرار ہوئے ہیں جبکہ ڈاکوؤں نے دو سے ڈھائی لاکھ روپے نقدی بھی دکان کے اندر سے بھی لوٹی ہے۔

واردات کے بعد دکان داروں اور علاقہ مکینوں میں شدید اشتعال پھیل گیا اور انہوں نے ڈسٹرکٹ ملیر پولیس کی ناقص کارکردگی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔

Load Next Story