مشہور بھارتی ٹی وی ایکٹر 16 سالہ لڑکی کو ہراساں کرنے کے الزام میں گرفتار
’سیراب‘ اور ’پانڈیا اسٹور‘ سے مشہور ہونے والے بھارتی ٹی وی ایکٹر روہت چندیل کو پولیس نے 16 سالہ لڑکی کو ہراساں کرنے کے الزام پر گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ممبئی پولیس نے ٹی وی اداکار روہت چندیل کو 16 سالہ لڑکی کا مبینہ طور پر پیچھا کرنے اور اسے ہراساں کرنے کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔
ممبی پولیس نے بتایا کہ روہت چندیل پر بچوں کو جنسی جرائم سے تحفظ فراہم کرنے والے ایکٹ اور بھارتیہ نیاۓ سنہیتا کے تحت پیچھا کرنے اور جان بوجھ کر نقصان پہنچانے سے متعلق دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔
پولیس نے مزید بتایا کہ شکایت کے مطابق روہت چندیل اور 16 سالہ لڑکی ایک دوسرے کو جانتے تھے۔ اداکار پر الزام ہے کہ انہوں نے لڑکی کو بار بار فون کرنا شروع کیا، جب اس نے کوئی جواب نہیں دیا تو انہوں نے رابطہ کرنے کیلیے دوسرے نمبروں کا استعمال شروع کر دیا۔
درج ایف آئی آر کے مطابق روہت چندیل کا 5 جولائی کو لڑکی کے ساتھ جھگڑا ہوا تھا، ملزم نے لڑکی پر چلانا شروع کر دیا، اس کا پیچھا کیا اور اس پر تشدد کیا، لڑکی نے اس واقعے کے بعد مقامی پولیس اسٹیشن سے رجوع کیا، جہاں مقدمہ درج کیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ پولیس اس علاقے کے سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج اکٹھی کرے گی جہاں یہ واقعہ پیش آیا، پولیس لڑکی کا تفصیلی بیان بھی ریکارڈ کرے گی جس کی بنیاد پر تحقیقات کو آگے بڑھایا جائے گا۔