امارات کے نائب صدر 77 ویں سالگرہ منانے اسکاٹ لینڈ میں اپنی دلکش اراضی میں پہنچ گئے

دبئی کے حکمراں تین ہیلی کاپٹرز اور 60 گاڑیوں کے قافلے کیساتھ اسکاٹ لینڈ پہنچے

دبئی کے حکمراں محمد بن راشد کی سالگرہ 15 جولائی کو منائی جاتی ہے

دبئی کے حکمراں اور متحدہ عرب امارات کے نائب صدر شیخ محمد بن راشد نے 15 جولائی کو ہونے والی اپنی 77 ویں سالگرہ کے لیے اسکاٹ لینڈ کا انتخاب کیا ہے۔

برطانوی میڈیا کے مطابق شیخ محمد بن راشد اپنے نجی طیارے کے ذریعے انورنیس ایئرپورٹ پہنچے، جہاں سے وہ تقریباً 60 گاڑیوں پر مشتمل قافلے کے ساتھ اپنے نجی اسٹیٹ انویرینیٹ اسٹیٹ روانہ ہوئے۔

یہ تاریخی اسٹیٹ 63 ہزار ایکڑ پر محیط ہے اور اسکاٹ لینڈ کے خوبصورت پہاڑی علاقے لوخ ڈوئچ کے کنارے واقع ہے جو کئی رہائشی عمارتوں، مہمان خانوں اور 3 ہیلی پیڈز پر مشتمل ہے اور گزشتہ برس یہاں مزید تعمیرات کی بھی منظوری دی گئی تھی۔

دبئی کے حکمراں ان کے ہمراہ 3 ہیلی کاپٹرز بھی موجود تھے جبکہ قافلے میں رینج روورز، مرسیڈیز اور سیکیورٹی گاڑیوں کی بڑی تعداد شامل تھی۔ مقامی رہائشیوں کے بقول علاقے میں اتنے بڑے سیکیورٹی قافلے کی آمد پہلی بار دیکھی۔

برطانوی میڈیا کے مطابق ایئرپورٹ پہنچنے پر شیخ محمد بن راشد نسبتاً سنجیدہ دکھائی دیے، تاہم بعد میں وہ اہلِ خانہ اور قریبی ساتھیوں کے ساتھ اسکاٹ لینڈ کے دلکش پہاڑی علاقوں میں چہل قدمی کرتے بھی نظر آئے۔

شیخ محمد بن راشد آل مکتوم کئی دہائیوں سے گرمیوں کے موسم میں اسکاٹ لینڈ کا رخ کرتے ہیں اور انویرینیٹ اسٹیٹ کو اپنی پسندیدہ رہائش گاہوں میں شمار کرتے ہیں۔ قدرتی حسن، شکار، گھڑسواری اور پرسکون ماحول کے باعث یہ علاقہ ان کی ذاتی پسندیدہ منزل سمجھا جاتا ہے۔

واضح رہے کہ شیخ محمد بن راشد کو جدید دبئی کا معمار بھی کہا جاتا ہے ان کی قیادت میں برج خلیفہ، دبئی مال، دبئی میٹرو اور دیگر عالمی معیار کے منصوبے مکمل ہوئے، جبکہ امارات ایئرلائن کو دنیا کی نمایاں فضائی کمپنیوں میں شامل کرنے میں بھی ان کا کلیدی کردار رہا ہے۔

 

Load Next Story