نائب وزیراعظم کا سعودی وزیر خارجہ سے رابطہ، امریکا-ایران کشیدگی میں اضافے پر اظہارتشویش
فوٹو: فائل
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے سعودی عرب کے وزیر خارجہ فیصل بن فرحان آل سعود سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور دونوں رہنماؤں نے خطے کی صورت حال پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی کے اضافے پر تشویش کا اظہار کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور سعودی عرب کے وزیرخارجہ فیصل بن فرحان آل سعود نے خطے کی حالیہ صورت حال پر تبادلہ خیال کیا اور جون 2026 میں امریکا اور ایران کے درمیان اسلام آباد مفاہمتی یادداشت (اسلام آباد ایم او یو) پر دستخط کے باوجود کشیدگی میں اضافے پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔
دونوں رہنماؤں کا کہنا تھا کہ تنازع کا دوبارہ بھڑک اٹھنا کسی کے مفاد میں نہیں اور یہ خطے میں امن و استحکام کی کوششوں کو نقصان پہنچاتا ہے۔
سعودی وزیر خارجہ نے جاری سفارتی کوششوں سے متعلق مملکت کا مؤقف بیان کرتے ہوئے کشیدگی میں کمی اور مذاکرات کے تسلسل کی اہمیت پر زور دیا۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے تمام فریقین پر زیادہ سے زیادہ تحمل کا مظاہرہ کرنے اور ثالثی کی کوششوں کو کامیاب و بامعنی نتائج تک پہنچانے کے لیے ضروری وقت اور موقع فراہم کرنے کی پاکستان کی اپیل کا اعادہ کیا۔
گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے قریبی رابطے برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔
اسحاق ڈار کا مالدیپ کی وزیرخارجہ سے ٹیلیفونک گفتگو
ترجمان دفترخارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے مالدیپ کی وزیر خارجہ ڈاکٹر اروتھیشام آدم سے ٹیلیفون پر گفتگو کی اور مالدیپ کے 61ویں یوم آزادی پر پیشی مبارک باد پیش کی۔
ترجمان نے بتایا کہ دونوں وزرائے خارجہ نے علاقائی اور عالمی صورت حال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
مالدیپ کی وزیر خارجہ نے ایران اور امریکا کے درمیان تنازع میں پاکستان کے ثالثی کردار کو سراہا۔
گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور مالدیپ کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات اور باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا اور قریبی رابطے برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔