گلگت بلتستان میں توانائی کا مسئلہ بڑا المیہ ہے، نومنتخب وزیراعلیٰ امجد حسین
فوٹو: فائل
گلگت بلتستان کے نومنتخب وزیراعلیٰ امجد حسین نے کہا ہے کہ 7 ہزار گلیشیئرز رکھنے والے گلگت بلتستان میں توانائی کا مسئلہ بڑا المیہ ہے جبکہ کابینہ کا فیصلہ چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) بلاول بھٹو زرداری کریں گے۔
ایکسپریس نیوز کو خصوصی انٹرویو میں نومنتخب وزیراعلی گلگت بلتستان امجد حسین آزرنے کہا کہ توانائی، بیروزگاری اور مواصلاتی نظام بہت بڑے مسائل ہیں تاہم توانائی کے نئے منصوبے شروع کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ سرکاری اداروں میں لوگوں کو نوکریاں دیں گے اور نجی شعبے کو بھی فعال کریں گے اور چین کے ساتھ تجارتی مواقع سے فائدہ اٹھائیں گے اور پاکستان بھر کے سرمایہ کاروں کو گلگت بلتستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیں گے۔
اپنی کابینہ کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری گلگت بلتستان کی کابینہ کے اراکین کا فیصلہ کریں گے۔
وزیراعلیٰ گلگت بلتستان نے کہا کہ گلگت بلتستان میں ووٹ بلاول بھٹوزرداری کو ملا ہے، وہ خود یہاں اس انتخابات کی مہم کے لیے آئے،گزشتہ 70 برسوں میں گلگت بلتستان کے عوام کو اچھی طرز حکمرانی دیکھنے کو نہیں ملی۔ ہماری کوشش ہوگی کہ یہاں بہترین گورننس قائم کریں۔
انہوں نے کہا کہ ہم ایک شفاف حکومت قائم کریں گے اور ایسا نظام متعارف کرائیں گے جس میں عوام اپنے مسائل جدید اور خودکار (آٹومیشن) طریقہ کار کے ذریعے حل کروا سکیں، ہم اپنے دائرہ اختیار کے اندر رہتے ہوئے کام کا آغاز کریں گے اور عوام کو بہتر مواقع فراہم کریں گے۔
امجد حسین ایڈووکیٹ نے کہا کہ اس وقت موجود نظام میں بہت سی خامیاں ہیں، مختلف محکموں میں انتظامی مسائل ہیں اور عوام کو مناسب سہولیات اور تعاون نہیں مل رہا ہے۔