امریکی افواج نے حملوں کا نیا سلسلہ شروع کر دیا، ایران کے مختلف علاقوں میں دھماکوں کی آوازیں
فوٹو: فائل
امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) نے اعلان کیا ہے کہ ایران کے خلاف حملوں کا نیا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے۔ امریکی حکام کے مطابق یہ کارروائی ایک تجارتی بحری جہاز پر مبینہ ایرانی حملے کے بعد کی گئی ہے۔
سینٹکام کا کہنا ہے کہ پاسداران انقلاب کی جانب سے قبرص کے پرچم بردار کنٹینر جہاز کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں جہاز کو نقصان پہنچا، آگ بھڑک اٹھی جبکہ عملے کا ایک رکن لاپتہ ہوگیا۔
امریکی کمانڈ کے مطابق جہاز کے انجن روم کو شدید نقصان پہنچنے کے باعث وہ سفر جاری رکھنے کے قابل نہیں رہا۔
امریکی فوجی کمانڈ نے الزام عائد کیا ہے کہ ایران کو ماضی میں بھی تجارتی جہازوں پر حملوں کے بعد اپنا رویہ تبدیل کرنے اور طے شدہ مفاہمتی یادداشت پر عمل کرنے کے مواقع دیے گئے تاہم تہران ایسا کرنے میں ناکام رہا۔
At 7:15 p.m. ET today, U.S. Central Command forces began launching the third round of strikes this week against Iran after Islamic Revolutionary Guard Corps forces blatantly attacked M/V GFS Galaxy, a Cyprus-flagged container ship transiting the Strait of Hormuz. A civilian crew…
— U.S. Central Command (@CENTCOM) July 11, 2026
سوشل میڈیا پر جاری ہونے والے سینٹکام کے پیغام کے مطابق تازہ کارروائیاں امریکی صدر کی ہدایت پر کی جا رہی ہیں۔
دوسری جانب امریکی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی فوج نے آبنائے ہرمز کے علاقے میں ایرانی اہداف کو نشانہ بنانا شروع کر دیا ہے۔
تاہم حملوں کی نوعیت، مقامات اور ممکنہ نقصان سے متعلق مزید تفصیلات سامنے نہیں آسکیں۔
ادھر ایران کے مختلف علاقوں سے دھماکوں کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔ ایرانی سرکاری ٹی وی کے مطابق جنوبی شہر چابہار کے قریب دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں جبکہ خبر رساں ادارے مہر نے خلیج فارس کے جزیرہ قشم، بوشہر اور عسلویہ میں بھی دھماکوں کی اطلاعات دی ہیں۔
ابھی تک ایرانی حکام کی جانب سے ان واقعات کی مکمل تفصیلات یا نقصانات کے حوالے سے کوئی حتمی بیان جاری نہیں کیا گیا۔