لاہور: ستھرا پنجاب کے ٹرک کی موٹر سائیکل کو ٹکر، ڈیڑھ سالہ بچی جاں بحق

حادثے کے بعد مشتعل افراد کا ٹرک ڈرائیور کو پکڑ کر تشدد

لاہور کے علاقے فیروزپور روڈ پر واقع بریج کے قریب ستھرا پنجاب کے ٹرک نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں ڈیڑھ سالہ بچی جاں بحق جبکہ میاں بیوی زخمی ہو گئے۔

ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق حادثے کے بعد مشتعل افراد نے ٹرک ڈرائیور کو پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنایا۔ اطلاع ملنے پر ٹریفک انسپکٹر کوٹ لکھپت فوری طور پر موقع پر پہنچے اور ڈرائیور کو اپنی تحویل میں لے لیا۔

پولیس نے ٹرک ڈرائیور، ٹرک اور موٹر سائیکل کو مزید قانونی کارروائی کے لیے متعلقہ تھانے کے حوالے کر دیا ہے۔

ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ ستھرا پنجاب کے ڈرائیورز کی تربیت کے لیے پہلے ہی متعلقہ حکام کو خط لکھا جا چکا ہے۔ حکام کے مطابق سال 2025-26 کے دوران ستھرا پنجاب اور ایل ڈبلیو ایم سی کی گاڑیوں سے پیش آنے والے 4 مہلک حادثات میں 10 شہری جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

لاہور ٹریفک پولیس نے صفائی گاڑیوں کے باعث بڑھتے حادثات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے غفلت کے مرتکب ڈرائیورز کے خلاف سخت کارروائی، مؤثر نگرانی اور باقاعدہ تربیت کا مطالبہ کیا ہے۔

سی ٹی او لاہور نے ستھرا پنجاب اتھارٹی کو روڈ سیفٹی اقدامات فوری نافذ کرنے کے لیے مراسلہ بھی ارسال کر دیا ہے، جس میں ہیوی ویسٹ مینجمنٹ گاڑیوں کی پیک آورز میں نقل و حرکت پر پابندی کی سفارش کی گئی ہے۔

مزید برآں شہر کی مصروف شاہراہوں پر صفائی آپریشن رات 11 بجے سے صبح 7 بجے تک کرنے، صفائی گاڑیوں میں جدید سیفٹی فیچرز لازمی قرار دینے اور بڑے کچرا بردار ٹرکوں کے بجائے چھوٹی گاڑیوں کے استعمال کی تجویز بھی دی گئی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ شہریوں کی جانوں کا تحفظ اولین ترجیح ہے اور اس حوالے سے جامع اقدامات ناگزیر ہیں۔

Load Next Story