اسلام آباد میں سب انسپکٹر پر رشوت اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے الزامات

پولیس افسران اپنے مبینہ کرپٹ اہلکار کو بچانے کی کوشش کر رہے ہیں، شہری

فوٹو: فائل

اسلام آباد میں وفاقی پولیس کے ایک سب انسپکٹر کے خلاف رشوت ستانی اور اختیارات کے ناجائز استعمال کا معاملہ سامنے آ گیا، جبکہ شہری نے الزام عائد کیا ہے کہ پولیس افسران اپنے مبینہ کرپٹ اہلکار کو بچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

درخواست گزار کے مطابق اس نے ایک ماہ قبل سب انسپکٹر کے خلاف ایس ایس پی آپریشنز کے دفتر میں باقاعدہ درخواست جمع کروائی جس میں رشوت لینے اور دھمکیاں دینے کے الزامات لگائے گئے۔

شہری کا کہنا ہے کہ مذکورہ درخواست ایس پی صدر کو ارسال کی گئی، تاہم پولیس ترجمان کے مطابق متعلقہ افسر اس وقت کشمیر ڈیوٹی پر موجود ہیں، جس کے باعث کارروائی میں تاخیر ہو رہی ہے۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ پولیس اہلکار نے عیدی نہ دینے پر اس کے ملازم کو دکان سے گرفتار کیا، جبکہ دکان سے دو گیس سلنڈر اور دیگر قیمتی سامان بھی ساتھ لے گیا۔

مزید الزام لگایا گیا ہے کہ سب انسپکٹر نے اگلے روز 45 ہزار روپے لے کر ملازم کو رہا کیا، تاہم اب تک گیس سلنڈر اور دیگر اشیاء واپس نہیں کی گئیں۔

درخواست گزار نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ اسے درخواست واپس لینے کے لیے دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔

Load Next Story