موٹروے ایم-5 پر جدید نظام کی کامیابی، 47 مقدمات میں مطلوب خطرناک مسلح ملزم گرفتار

جدید آئی ٹی ایس نے مشتبہ گاڑی کی نشاندہی کی، موٹروے پولیس نے ناکہ بندی کر دی، سنسنی خیز تعاقب کے بعد ملزم گرفتار

فوٹو: فائل

لاہور:

موٹروے ایم-5 پر جدید آئی ٹی ایس نظام کی بڑی کامیابی سامنے آئی ہے جس میں 47 مقدمات میں مطلوب خطرناک مسلح ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔

ترجمان موٹروے پولیس سینٹرل ریجن کے مطابق گرفتار ملزم بہاولپور کے حاصل پور میں 85 لاکھ روپے کی ڈکیتی کے مقدمے میں بھی مطلوب نکلا، جدید آئی ٹی ایس نے مشتبہ گاڑی کی نشاندہی کی، موٹروے پولیس نے فوری ناکہ بندی کر دی، ملزم نے فرار ہونے کی کوشش کی، موٹروے پولیس نے سنسنی خیز تعاقب کے بعد گرفتار کر لیا۔

ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق ملزم کے قبضے سے 10 سولر انورٹر، 2 لیتھیم بیٹریاں، ایک لاکھ 36 ہزار روپے نقد، پستول، 10 گولیاں اور جعلی نمبر پلیٹس برآمد ہوئیں، برآمد شدہ گاڑی بھی بہاولپور میں دکان چوری کے مقدمے میں مطلوب تھی۔

ترجمان کے مطابق ملزم، گاڑی اور برآمد شدہ سامان مزید قانونی کارروائی کے لیے اُچ شریف پولیس اور سی سی ڈی بہاولپور کے حوالے کر دیا گیا۔

Load Next Story