کراچی: بینکوں میں ریکی کرکے ڈاکوؤں کو شہریوں کی مخبری کرنے والا بزرگ ملزم گرفتار

ملزم ایک منظم گینگ کا اہم رکن ہے، بینکوں میں جا کر اپنے ساتھیوں کوبڑی رقم نکلوانے والے افراد سے آگاہ کرتا تھا، پولیس

فوٹو: کراچی پولیس

کراچی میں فیروز آباد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے بینکوں سے بڑی رقوم نکلوانے والے شہریوں کی ریکی کرکے انہیں ڈاکوؤں کے ہاتھوں رقم سے محروم کروانے والے 60 سالہ ملزم محمد منگی کو گرفتار کرلیا۔

ایس ایس پی ایسٹ زبیر نظیر شیخ کے مطابق ملزم ایک منظم گینگ کا اہم رکن ہے اور بینکوں میں جا کر اپنے ساتھیوں کو ایسے افراد کی اطلاع دیتا تھا جو بڑی رقم لے کر نکلتے تھے۔

پولیس حکام کا کہنا تھا کہ مختلف بینکوں سے رقم نکلوا کر اپنی منزل کی جانب جانے والے شہریوں کے ساتھ مسلسل وارداتوں کا شکار ہونے کی تحقیقات کے دوران معلوم ہوا کہ ایک بزرگ شخص مشکوک انداز میں ریکی کر رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کسی کو شک نہ ہو، اس مقصد کے لیے ملزمان کے گروہ نے بزرگ ملزم کو شامل کیا تھا تاہم تفتیش کے دوران انکشاف ہوا کہ ملزم کا چار رکنی گینگ ہے جو بزرگ ملزم کی جانب سے اطلاع ملتے ہی شہریوں کا تعاقب کرکے واردات انجام دیتا تھا۔

پولیس کے مطابق گینگ کی متعدد وارداتوں کی سی سی ٹی وی فوٹیجز بھی حاصل کر لی گئی ہیں، فوٹیجز میں بزرگ ملزم کو مختلف بینکوں کے اندر اور دیگر موٹر سائیکل سوار ملزمان کو ڈکیتی کے مقامات پر دیکھا جا سکتا ہے۔

پولیس نے بتایا کہ ملزم نے دوران تفتیش درجنوں وارداتوں میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا ہے اور تحقیقات میں یہ بھی سامنے آیا ہے کہ  بزرگ ملزم نے دو سال قبل ایک ڈی ایس پی کی ریکی کرکے 8 لاکھ روپے کی ڈکیتی کی واردات بھی اس ہی گینگ کی مدد سے کروائی تھی۔

فیروز آباد پولیس کے مطابق گرفتار ملزم منگی کا مجرمانہ ریکارڈ بھی سامنے آگیا ہے، کرمنلز ریکارڈ کے مطابق ملزم ڈکیتی کے دوران قتل کے ایک مقدمے میں بھی ملوث رہا ہے، ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے جبکہ اس کے فرار ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

Load Next Story