کراچی: قائدآباد میں 18 غیر قانونی افغان باشندے کیمپ منتقل، رہائش گاہ سیل
کراچی کے علاقے قائدآباد میں پولیس نے نیشنل ایکشن پلان کے تحت کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی طور پر مقیم 18 افغان باشندوں کو حراست میں لے لیا۔
پولیس کے مطابق کارروائی خفیہ اطلاع پر کی گئی جس کے دوران غیر قانونی طور پر رہائش پذیر افغان باشندوں کو گرفتار کر کے مزید قانونی کارروائی کے لیے افغان کیمپ منتقل کر دیا گیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ضلع ملیر میں پہلی مرتبہ غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کے زیر استعمال رہائش گاہ کو بھی سیل کر دیا گیا۔ یہ کارروائی اسسٹنٹ کمشنر ابراہیم حیدری کی نگرانی میں عمل میں لائی گئی۔
قائدآباد پولیس کے مطابق غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی شہریوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف کارروائیاں آئندہ بھی بلاامتیاز جاری رہیں گی جبکہ نیشنل ایکشن پلان پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے مختلف علاقوں میں سرچ اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کا سلسلہ بھی جاری رکھا جائے گا۔