امریکی افواج کا ایران کے خلاف جنگ میں سب سے بڑا جانی نقصان کویت میں ہوا، امریکی اخبار
ایران اور امریکا کے درمیان جاری جنگی کشیدگی کے دوران کویت کی شعیبہ بندرگاہ پر ہونے والا ایرانی ڈرون حملہ امریکی فوج کیلئے سب سے زیادہ جانی نقصان والا واقعہ قرار دیا جا رہا ہے۔
ایک امریکی اخبار کی رپورٹ کے مطابق یکم مارچ کو ہونے والے اس حملے میں 6 امریکی فوجی مارے گئے جبکہ درجنوں اہلکار زخمی ہوئے۔ بعض زخمی فوجیوں کی حالت تشویشناک بھی بتائی گئی ہے۔
رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ یہ حملہ جنگ کے ابتدائی دنوں میں پیش آیا اور امریکی فوج کیلئے سب سے بھاری نقصان کا باعث بنا۔
اخبار کے مطابق حملے سے بچ جانے والے امریکی اہلکاروں نے سوال اٹھایا کہ اگر پہلے سے موجود خطرے کی اطلاعات پر توجہ دی جاتی تو نقصان کو کم کیا جا سکتا تھا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ امریکی کمانڈرز کو ممکنہ خطرے سے آگاہ کیا گیا تھا اور تنصیب کے تحفظ سے متعلق خدشات بھی ظاہر کیے گئے تھے تاہم ان وارننگز پر مکمل عمل نہ ہونے کا دعویٰ کیا جا رہا ہے۔
واقعے کے بعد امریکی فوجی حکمت عملی، حفاظتی اقدامات اور کمانڈ سطح کے فیصلوں پر بحث شروع ہو گئی ہے۔