بنکاک کے نائٹ کلب میں خوفناک آتشزدگی، 27 افراد ہلاک، درجنوں زخمی

تھائی وزیراعظم انوتن چارن ویرکول نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا

فوٹو: الجزیرہ

BANGKOK, THAILAND:

تھائی لینڈ کے دارالحکومت بنکاک میں ایک معروف نائٹ کلب میں لگنے والی خوفناک آگ نے تباہی مچا دی جس کے نتیجے میں 27 افراد ہلاک جبکہ 63 زخمی ہو گئے۔

حکام کے مطابق آگ شمالی بنکاک میں واقع نا لادپراو پب میں رات گئے لگی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

ریسکیو اہلکاروں نے کئی لاشیں عمارت کے اندر سے نکالیں جبکہ زخمیوں کو فوری طور پر مختلف اسپتالوں منتقل کیا گیا۔

تھائی وزیراعظم انوتن چارن ویرکول نے جائے وقوعہ کا دورہ کرتے ہوئے بتایا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق پرفارم کرنے والے ایک موسیقار نے آگ لگنے سے قبل اسٹیج کے قریب سرکٹ بریکر سے دھواں نکلتے دیکھا جس کے بعد بجلی بند ہوئی اور اچانک دھماکے کی آواز سنائی دی۔

وزیراعظم کے مطابق آگ پھیلنے کے بعد پب کے اندر دھواں تیزی سے بھر گیا جس کے باعث کئی افراد باہر نکلنے میں کامیاب نہ ہو سکے۔ زیادہ تر لاشیں پب کے پچھلے حصے اور واش رومز سے ملیں۔

واقعے کی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ عمارت سے شدید شعلے بلند ہو رہے تھے جبکہ ریسکیو ٹیمیں لوگوں کو نکالنے میں مصروف تھیں۔ فائر فائٹرز نے تقریباً 30 منٹ کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا۔

آتشزدگی کے بعد پب کے اندرونی حصے کو شدید نقصان پہنچا جہاں جلی ہوئی میزیں، کرسیاں اور دیگر سامان تباہ حالت میں نظر آیا۔ حکام نے واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

متعلقہ

Load Next Story