پاکستانیوں کے لیے خوشخبری! سعودی عرب نے نیا پیکیج ویزا متعارف کرا دیا
ریاض: سعودی عرب نے بین الاقوامی سیاحوں کے لیے نیا پیکیج ویزا پروگرام متعارف کرا دیا ہے، جس کے پہلے مرحلے میں پاکستان سمیت سات ممالک کے شہری اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔
سعودی وزارتِ سیاحت کے مطابق اس نئے نظام کا مقصد سیاحوں کے لیے ویزا حاصل کرنے کا عمل آسان بنانا ہے۔ اب مسافر ایک ہی پیکیج کے ذریعے فضائی ٹکٹ، ہوٹل بکنگ اور الیکٹرانک ٹورسٹ ویزا حاصل کر سکیں گے، جس سے الگ سے ویزا درخواست دینے کی ضرورت نہیں رہے گی۔
پہلے مرحلے میں اس سہولت سے پاکستان، بھارت، بنگلادیش، انڈونیشیا، مصر، اردن اور میکسیکو کے شہری مستفید ہو سکیں گے۔
وزارتِ سیاحت کے مطابق مسافروں کو کسی منظور شدہ ٹریول ایجنسی کے ذریعے پیکیج خریدنا ہوگا۔ ادائیگی مکمل ہونے کے بعد الیکٹرانک ٹورسٹ ویزا، سفری انشورنس اور دیگر سفری دستاویزات ای میل کے ذریعے فراہم کر دی جائیں گی۔
رپورٹس کے مطابق منظور شدہ پیکیج خریدنے کے بعد 48 گھنٹوں کے اندر الیکٹرانک ویزا جاری کر دیا جائے گا، جس سے سعودی سفارت خانے جانے یا علیحدہ ویزا درخواست جمع کرانے کی ضرورت ختم ہو جائے گی۔
وزارت کے مطابق یہ سنگل انٹری ٹورسٹ ویزا تین ماہ کے لیے مؤثر ہوگا، جبکہ ویزا ہولڈر کم از کم دو دن اور زیادہ سے زیادہ 88 دن تک سعودی عرب میں قیام کر سکے گا۔
ابتدائی دو دن کے پیکیج کی کم از کم قیمت 4,000 سعودی ریال فی بالغ مقرر کی گئی ہے، جبکہ ہر اضافی دن کے لیے 1,000 سعودی ریال مزید ادا کرنا ہوں گے۔
مسافر اضافی فیس کے ساتھ سیاحتی سرگرمیاں، تفریحی پروگرام اور مختلف ایونٹس کے ٹکٹ بھی اپنے پیکیج میں شامل کر سکتے ہیں۔
سعودی وزارتِ سیاحت نے واضح کیا ہے کہ اس پیکیج ویزا میں عمرہ خدمات شامل نہیں ہیں اور نہ ہی مکہ مکرمہ یا مدینہ منورہ میں عمرہ انتظامات فراہم کیے جائیں گے۔ تاہم ویزا ہولڈر سعودی عرب پہنچنے کے بعد ملک کے مختلف شہروں سمیت مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کا سفر کر سکتے ہیں، بشرطیکہ متعلقہ قوانین پر عمل کیا جائے۔
وزارت نے مزید بتایا کہ اگر کوئی سفری پیکیج منسوخ کیا جاتا ہے تو اس کے ساتھ جاری کیا گیا ویزا بھی خودکار طور پر منسوخ ہو جائے گا۔
حکام کے مطابق مستقبل میں مزید ممالک کو بھی اس پروگرام میں شامل کیا جائے گا۔ یہ اقدام سعودی عرب کے ویژن 2030 کے تحت سیاحت کے فروغ اور بین الاقوامی سیاحوں کی تعداد بڑھانے کی حکمت عملی کا حصہ ہے۔