مٹن کی جگہ چکن رکھنے پر شادی کی تقریب میں گھونسے چل گئے، 12 زخمی
مٹن کے بجائے چکن پیش کیے جانے پر شادی کی تقریب میدانِ جنگ بن گئی، جھگڑے میں 12 افراد زخمی ہو گئے۔
بھارت کی ریاست بہار کے ضلع ویشالی میں ایک شادی کی تقریب اس وقت ہنگامہ آرائی کا شکار ہو گئی جب مہمانوں کو مٹن کے بجائے چکن پیش کیا گیا جس پر تنازع شدت اختیار کر گیا۔
پولیس کے مطابق شادی کی تقریب میں کھانے کے مینیو پر اختلاف اس وقت شروع ہوا جب کچھ مہمانوں کو معلوم ہوا کہ مرکزی ڈش تبدیل کر دی گئی ہے۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ مہمانوں نے اس پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے میزبانوں سے بحث شروع کی جو دیکھتے ہی دیکھتے کھانے کے مقام پر جھگڑے میں تبدیل ہو گئی۔
واقعے کے بعد پولیس موقع پر پہنچی تو کرسیاں الٹی پڑی تھیں اور متعدد مہمان موقع سے جا چکے تھے جبکہ کئی افراد کو طبی امداد کی ضرورت پیش آئی۔ حکام کے مطابق جھگڑے میں کم از کم 12 افراد زخمی ہوئے تاہم کسی کی حالت تشویشناک نہیں۔
پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں تاہم یہ واضح نہیں کیا گیا کہ مینو کیوں تبدیل کیا گیا یا اس معاملے میں کسی کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے گا یا نہیں۔
واضح رہے کہ بھارت کے مختلف علاقوں میں شادیوں کے دوران کھانے سے متعلق تنازعات غیر معمولی نہیں جہاں بڑی تقریبات میں مہمانوں کی توقعات عموماً بہت زیادہ ہوتی ہیں۔ مٹن کو ایسی تقریبات میں ایک خاص اور مہنگی ڈش سمجھا جاتا ہے جبکہ چکن کو نسبتاً سستا متبادل تصور کیا جاتا ہے۔