بحیرہ عرب کی مرطوب ہواؤں کے اثرات، کراچی میں بارش کی پیشگوئی
بحیرہ عرب سے ملک میں داخل ہونے والی مرطوب ہواؤں کے سبب کراچی میں بھی ہلکی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کی ارلی وارننگ سینٹر پیش گوئی کے مطابق کراچی میں معمول سے تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے تاہم آج، منگل اور بدھ کو کراچی میں ہلکی بارش کا امکان ہے۔
کراچی میں کم سے کم درجہ حرارت 28 سے 30 جبکہ زیادہ سے زیادہ 33 سے 35 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے جبکہ صبح کے وقت نمی کا تناسب 70 سے 80 فیصد جبکہ شام کے وقت 55 سے 65 فیصد رہنے کا امکان ہے۔
بحیرہ عرب سے مرطوب ہوائیں ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں داخل ہو رہی ہیں جبکہ اس دوران ایک مغربی لہر ملک کے بالائی علاقوں پر اثرانداز ہو رہی ہے۔
سسٹم کے زیر اثر صوبے کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے تاہم آج دادو، قمبر شہداد کوٹ، جیکب آباد، لاڑکانہ، شکارپور، کشمور، سکھر، گھوٹکی، خیرپور، نوشہرو فیروز، شہید بے نظیر آباد اور سانگھڑ کے اضلاع میں آندھی، اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
ساحلی علاقوں میں موسم جزوی ابر آلود رہنے اور کبھی کبھار تیز ہواؤں کے ساتھ کہیں کہیں بوندا باندی اور ہلی بارش کا امکان ہے۔