’ان ڈراموں کے ہی ان کو پیسے ملتے ہیں‘، حنا پرویز کی رجب بٹ کی والدہ پر بھی تنقید
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رہنما اور رکنِ پنجاب اسمبلی حنا پرویز بٹ نے معروف سوشل میڈیا انفلوئنسر اور فیملی وی لاگر رجب بٹ کے بعد اب ان کی والدہ کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ایسے ڈرامائی انداز ہی اس خاندان کی آمدنی کا ذریعہ بنے ہوئے ہیں۔
رجب بٹ پاکستان کے مقبول ترین یوٹیوبرز میں شمار ہوتے ہیں۔ ان کے یوٹیوب چینل کے تقریباً 90 لاکھ سبسکرائبرز جبکہ انسٹاگرام پر 29 لاکھ سے زائد فالوورز موجود ہیں۔ حالیہ دنوں ان کے ایک وی لاگ کا مختصر کلپ سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوا، جسے حنا پرویز بٹ نے بھی اپنے ایکس اکاؤنٹ پر دوبارہ شیئر کیا۔
وائرل ویڈیو میں رجب بٹ کی والدہ ایک پرینک کے دوران بے ہوش ہونے کا ڈراما کرتی دکھائی دیتی ہیں، تاہم چند لمحوں بعد وہ مسکراتے ہوئے اٹھ جاتی ہیں اور واضح کرتی ہیں کہ یہ منظر پہلے سے طے شدہ منصوبے کا حصہ تھا۔
اس ویڈیو پر تبصرہ کرتے ہوئے حنا پرویز بٹ نے کہا کہ اسی قسم کے ڈراموں سے انہیں مالی فائدہ حاصل ہوتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آٹھ، آٹھ سال کے بچے بھی اس طرح کا مواد دیکھ کر متاثر ہو رہے ہیں اور ان کے بقول اس خاندان نے معاشرے کے لیے کبھی کوئی مثبت کردار ادا نہیں کیا۔
حنا پرویز بٹ کے بیان کے بعد سوشل میڈیا پر مختلف آرا سامنے آئیں۔ بعض صارفین نے ان کے مؤقف کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ ایسے مواد کو نظر انداز یا بلاک کرنا ہی بہتر حل ہے، جبکہ کچھ افراد نے متعلقہ چینلز پر پابندی لگانے کا مطالبہ بھی کیا۔ ایک صارف نے تبصرہ کیا کہ افسوس کی بات یہ ہے کہ بڑی تعداد میں لوگ اب بھی اس قسم کے وی لاگز دیکھ رہے ہیں۔
ان ڈراموں کے ہی ان کو پیسے ملتے ہیں۔ 8,8 سال کے بچے بھی ان کو دیکھ کر خراب ہو رہے، معاشرے میں اس فیملی نے آج تک کوئی مثبت کردار ادا نہیں کیا https://t.co/qhIIZpK59d
— Hina Parvez Butt (@hinaparvezbutt) July 11, 2026
یہ پہلا موقع نہیں کہ حنا پرویز بٹ نے رجب بٹ یا ان کے خاندان پر تنقید کی ہو۔ اس سے قبل بھی وہ متعدد مواقع پر یوٹیوبر کے کانٹینٹ کو بچوں کی تربیت اور معاشرتی اقدار کے لیے نقصان دہ قرار دیتے ہوئے اس پر سخت تحفظات کا اظہار کر چکی ہیں۔