آئرن مین کی پہلی جھلک والا کامک ریکارڈ قیمت میں فروخت

یہ اصل آرٹ ورک مارچ 1963 میں شائع ہونے والی کامک بک کے پہلے صفحے پر موجود ہے

مارول کامکس کے مشہور سپر ہیرو آئرن مین کی پہلی جھلک پیش کرنے والا اصل کامک آرٹ ورک ریکارڈ 38لاکھ 75 ہزار امریکی ڈالر میں نیلام ہوگیا۔

ہیریٹیج آکشنز کے مطابق فنکار ڈان ہیک کا تیار کردہ یہ اصل آرٹ ورک مارچ 1963 میں شائع ہونے والی Tales of Suspense No. 39 کے پہلے صفحے پر موجود ہے، جسے جمعہ کے روز نیلام کیا گیا۔

ہیریٹیج آکشنز کے نیویارک میں کامکس اور کامک آرٹ کے ڈائریکٹر جو مینارینو نے کہا کہ ابتدائی مارول کامکس کے ایسے اصل صفحات انتہائی نایاب ہیں اور جب بھی ان میں سے کوئی مارکیٹ میں آتا ہے تو خریدار غیرمعمولی دلچسپی کا مظاہرہ کرتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ نیلامی کے دوران چھ بولی دہندگان کے درمیان سخت مقابلہ ہوا اور بولی 30 لاکھ ڈالر سے تجاوز کرنے کے بعد بھی بڑھتی رہی۔

اس فروخت کے ساتھ اصل کامک آرٹ کے کسی بھی نمونے کی سب سے زیادہ قیمت کا نیا عالمی ریکارڈ قائم ہوگیا۔ اس سے قبل یہ ریکارڈ 33 لاکھ 60 ہزار امریکی ڈالر کا تھا، جو 1984 کی Marvel Super-Heroes Secret Wars No. 8 میں اسپائیڈر مین کے سیاہ لباس کی پہلی جھلک پر مبنی مائیک زیک کے آرٹ ورک نے جنوری 2022 میں قائم کیا تھا۔

Load Next Story