ماجد ستی قتل کیس؛ مرکزی ملزم فرخ کھوکھر کو عمر قید کی سزا، کمرہ عدالت سے گرفتار
ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے ماجد ستی قتل کیس میں مرکزی ملزم فرخ کھوکھر کو عمر قید کی سزا سنا دی۔
ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج افشاں اعجاز صافی نے فیصلہ سنایا، فرخ کھوکھر کو کمرہ عدالت سے گرفتار ہتھکڑیاں لگا دی گئیں۔
عدالت نے سخت ترین سیکیورٹی حصار میں فرخ کھوکھر کو اڈیالہ جیل بھیجنے کا حکم دیا، شہر کی مشہور شخصیت تاجی کھوکھر کے بیٹے فرخ کھوکھر کو سزا کے بعد کمرہ عدالت سے گرفتار کر لیا گیا۔
ماجد ستی قتل کیس کا تفصیلی فیصلہ بھی جاری کر دیا گیا۔ مرکزی ملزم فرخ تاجی کھوکھر، ملزم امیر حمزہ اور ملزم حیدر نواز کو عمر قید اور فی 10 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی۔ تمام ملزمان کو اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا۔
ملزمان پر ماجد ستی کو 23 اگست 2022 کو بے دردی سے قتل کرنے کا الزام ہے، تھانہ صادق آباد پولیس نے مقدمہ درج کیا تھا۔
فرخ کھوکھر پیپلز پارٹی سے مستعفی ہوکر جمعیت علمائے اسلام میں شامل ہوگئے تھے۔
تاجی کھوکھر صدر مملکت آصف زرداری کے بھی دست رات تھے، تاجی کھوکھر اب اس دنیا میں نہیں رہے۔ مقتول ماجد ستی کا تعلق پی ٹی آئی سے تھا اور پلاٹ پر قبضہ روکنے پر ماجد ستی کو قتل کیا گیا۔