امریکا-ایران کشیدگی، امارات میں تمام امریکی قونصلرز کی تقرری منسوخ

قونصلر خدمات کب مکمل طور پر بحال ہوں گی، اس بارے میں فی الحال کوئی حتمی تاریخ نہیں دی گئی

متحدہ عرب امارات میں امریکی سفارت خانے نے خطے میں بگڑتی ہوئی سیکیورٹی صورتحال کے پیشِ نظر 13 سے 15 جولائی تک ابوظہبی میں امریکی سفارت خانے اور دبئی میں امریکی قونصل خانے کی تمام معمول کی قونصلر اپائنٹمنٹس منسوخ کر دی ہیں۔

امریکی مشن کی جانب سے جاری سکیورٹی الرٹ میں کہا گیا ہے کہ جن افراد کی ان تاریخوں میں اپائنٹمنٹ طے تھی، وہ سفارت خانے یا قونصل خانے نہ آئیں۔ متاثرہ درخواست گزاروں سے امریکی حکام خود رابطہ کریں گے اور انہیں نئی تاریخ دی جائے گی۔

سفارت خانے نے منسوخی کی وجہ "علاقائی سکیورٹی صورتحال" قرار دی ہے، تاہم کسی مخصوص خطرے یا واقعے کی تفصیلات جاری نہیں کیں۔ یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب خلیجی خطے میں فوجی کشیدگی اور سکیورٹی خدشات میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔

حکام نے امریکی شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ سفارت خانے کی تازہ ترین سکیورٹی ہدایات پر عمل کریں، مقامی خبروں پر نظر رکھیں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔

قونصلر خدمات کب مکمل طور پر بحال ہوں گی، اس بارے میں فی الحال کوئی حتمی تاریخ نہیں دی گئی۔

Load Next Story