’ہمیں آپ سے کوئی دشمنی نہیں‘، اردن کے عوام کے نام ایران کا غیر متوقع پیغام
ایران کی اسلامی انقلابی گارڈ کور نے اردن کے عوام کے نام جاری کیے گئے ایک پیغام میں کہا ہے کہ ایران کو اردن یا اس کے عوام سے کسی قسم کی دشمنی نہیں، بلکہ اس کی کارروائیوں کا مقصد صرف خطے میں موجود امریکی فوجی اڈے اور امریکی فوجی موجودگی ہے۔
ایرانی پاسداران انقلاب کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ایران اردن کے عوام کا احترام کرتا ہے اور انہیں ایک دوست اور باوقار قوم سمجھتا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ ’ہمیں آپ کے ملک سے کوئی دشمنی نہیں، بلکہ ہم اردن کے عظیم عوام سے محبت کرتے ہیں۔‘
آئی آر جی سی کے مطابق اردن کے عوام فلسطینی عوام کے دکھ اور مشکلات کو اچھی طرح سمجھتے ہیں اور غزہ میں ہونے والی تباہی اور انسانی جانوں کے نقصان سے بھی بخوبی آگاہ ہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ خطے میں امریکی فوجی اڈوں کی موجودگی کشیدگی میں اضافے کا باعث بن رہی ہے۔ ایران کا مؤقف ہے کہ اگر خطے سے امریکی فوجی اڈے ختم کیے جائیں تو نہ صرف فلسطینی عوام کو فائدہ ہوگا بلکہ پورے مشرق وسطیٰ میں امن و استحکام کے امکانات بھی بڑھ جائیں گے۔
پاسداران انقلاب نے اپنے پیغام کے اختتام پر اردن کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اردن کی کامیابی اور خطے میں امن کے خواہاں ہیں۔
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی بدستور برقرار ہے اور خطے میں فوجی سرگرمیوں کے باعث مختلف ممالک میں تشویش پائی جا رہی ہے۔ ایران کی جانب سے حالیہ بیانات کو خطے کی موجودہ سکیورٹی صورتحال کے تناظر میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔