یوکرین کا 5 حملہ آور روسی میزائلوں کو روکنے کا دعویٰ
یوکرین کے فضائی دفاع نے روس کی طرف سے داغے گئے پانچ بیلسٹک میزائلوں کو ناکام بنا دیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یوکرین کی فضائیہ نے دعویٰ کیا کہ اگرچہ دیگر میزائل اور ڈرون دارالحکومت کیف میں داخل ہوئے تاہم 5 میزائلوں کو روک دیا گیا۔ تقریباً دو ہفتوں میں یہ پہلا موقع ہے کہ یوکرین نے روسی بیلسٹک میزائلوں کو مار گرانے کا دعویٰ کیا، جنہیں روکنا ڈرون یا کروز میزائل سے زیادہ مشکل ہے۔
یوکرین کے فضائی دفاع نے ممکنہ طور پر امریکی ساختہ پیٹریاٹ زمین سے ہوا میں مار کرنے والے گائیڈڈ میزائل سسٹم کا استعمال کیا جو بیلسٹک میزائلوں کا مقابلہ کرنے کا سب سے مؤثر طریقہ مانا جاتا ہے۔
میئر وٹالی کلِٹسکو نے کہا کہ کیف میں حملے سے دو گوداموں میں آگ لگ گئی جب کہ ایک اسکول کو بھی نقصان پہنچا۔
روسی وزارت دفاع نے ایک بیان میں کہا ہے کہ حملے میں یوکرین کے دارالحکومت میں ملٹری مینوفیکچرنگ کی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا جو طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائل اور ڈرون تیار کرتی ہیں۔
یوکرین کی فضائیہ نے کہا کہ ایک بیلسٹک میزائل اور 25 ڈرونز نے 17 مقامات کو نشانہ بنایا، جبکہ 10 مقامات پر ملبہ گرنے کی اطلاع ملی۔