امریکی ریاست میں ٹورنیڈو جیسے بادل نے لوگوں کو خوفزدہ کردیا، ویڈیوز وائرل

وائرل ویڈیوز میں ایک لمبا اور بل کھاتا ہوا بادل آسمان سے زمین کی جانب جھکتا ہوا دکھائی دے رہا ہے

امریکی ریاست پنسلوانیا میں آسمان پر نمودار ہونے والے ایک حیرت انگیز بادل نے سوشل میڈیا پر تہلکہ مچا دیا۔

ٹورنیڈو سے مشابہ دکھائی دینے والی اس بادل کی ویڈیوز وائرل ہوتے ہی ہزاروں صارفین نے سمجھا کہ علاقے میں طوفانی بگولا بن چکا ہے، تاہم ماہرینِ موسمیات نے واضح کیا ہے کہ یہ دراصل ایک بے ضرر اسکڈ کلاؤڈ (Scud Cloud) تھا، نہ کہ ٹورنیڈو۔

وائرل ویڈیوز میں ایک لمبا اور بل کھاتا ہوا بادل طوفانی بادلوں کے نیچے زمین کی جانب جھکتا ہوا دکھائی دے رہا تھا، جس نے دیکھنے والوں کو خوفزدہ کر دیا۔ اس کی شکل بالکل ٹورنیڈو جیسی محسوس ہو رہی تھی، اسی لیے سوشل میڈیا پر متعدد افراد نے اسے خطرناک بگولا قرار دینا شروع کر دیا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ دور سے دیکھنے پر ایسے بادل آسانی سے ٹورنیڈو کا گمان پیدا کرسکتے ہیں، لیکن دونوں میں سب سے اہم فرق گردش کا ہوتا ہے۔ حقیقی ٹورنیڈو زمین تک پہنچنے والا انتہائی تیز رفتاری سے گھومنے والا ہوا کا ستون ہوتا ہے، جبکہ اسکڈ کلاؤڈ عام طور پر ہوا کے ساتھ بہتا رہتا ہے، اوپر نیچے حرکت کر سکتا ہے مگر اس میں خطرناک گھماؤ نہیں پایا جاتا۔

موسمیاتی ماہرین نے مزید بتایا کہ اگرچہ اس نوعیت کے بادل روزمرہ کا منظر نہیں ہوتے، تاہم شدید گرج چمک والے موسم میں ان کا بننا غیر معمولی بھی نہیں۔ امریکا کے مشرقی علاقوں میں زیادہ نمی اور غیر مستحکم موسمی حالات کے دوران اس طرح کے بادل متعدد بار دیکھے جا چکے ہیں۔

ماہرین نے عوام کو مشورہ دیا ہے کہ صرف بادل کی شکل دیکھ کر کسی طوفان کے بارے میں فیصلہ نہ کریں۔ ان کے مطابق فنل نما بادل ہر صورت ٹورنیڈو نہیں ہوتا، کیونکہ حقیقی ٹورنیڈو کی شناخت اس کی مسلسل اور واضح گردش سے ہوتی ہے، جو گرج چمک والے بادل سے زمین تک پھیلی ہوتی ہے۔

امریکی نیشنل ویدر سروس بھی شہریوں کو یہی ہدایت کرتی ہے کہ خراب موسم کے دوران بادلوں کی ظاہری شکل پر انحصار کرنے کے بجائے سرکاری وارننگز اور موسمی انتباہات پر عمل کریں۔ ماہرین کے مطابق محفوظ رہنے کا بہترین طریقہ یہی ہے کہ صرف اس وقت پناہ لی جائے جب باقاعدہ ٹورنیڈو وارننگ جاری کی جائے یا بادل میں واضح اور مسلسل تیز گردش دکھائی دے۔

Load Next Story