اوزیمپک استعمال کرنے کی افواہوں پر چارلیز تھیرون کا دلچسپ ردعمل
ہالی ووڈ کی آسکر یافتہ اداکارہ چارلیز تھیرون نے دبلا ہونے کے بعد حال ہی میں خود پر ہونے والی تنقید اور سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی افواہوں کا دلچسپ انداز میں جواب دے کر مداحوں کی توجہ حاصل کرلی۔
50 سالہ اداکارہ نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر نیویارک کے معروف جاپانی ریسٹورنٹ تامایورا میں عشائیے کی تصاویر شیئر کیں، جہاں انہوں نے مختلف اقسام کی سوشی، مشروم سوپ اور آخر میں بلیو بیری اور اسٹرابیری سے سجی آئس کریم سے لطف اٹھایا۔
تصاویر کے ساتھ انہوں نے مزاحیہ انداز میں لکھا، ’’آپ سب نے کہا تھا کہ کچھ کھاؤ... نیویارک کے بہترین کھانے کے لیے شکریہ۔‘‘ ان کا یہ پیغام سوشل میڈیا صارفین نے ان پر ہونے والی حالیہ تنقید کا بالواسطہ جواب قرار دیا۔
کئی صارفین نے یہ قیاس آرائیاں بھی کیں کہ شاید اداکارہ وزن کم کرنے والی دوا اوزیمپک استعمال کر رہی ہیں، تاہم چارلیز تھیرون نے ان افواہوں پر براہِ راست کوئی تبصرہ نہیں کیا۔ البتہ ان کی کھانے کی تصاویر اور طنزیہ کیپشن کو ناقدین کے لیے خاموش مگر مؤثر جواب قرار دیا جا رہا ہے۔
اداکارہ کی پوسٹ پر مداحوں نے بھی بھرپور حمایت کا اظہار کیا۔ ایک صارف نے لکھا ’’آپ نہ صرف کھا رہی ہیں بلکہ ہمیشہ کی طرح شاندار بھی لگ رہی ہیں۔‘‘ ایک اور مداح نے تبصرہ کیا ’’نفرت کرنے والے ہمیشہ نفرت کریں گے، آپ اپنی زندگی اسی اعتماد کے ساتھ جیتی رہیں۔‘‘ متعدد مداحوں نے چارلیز کے انداز کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے تنقید کا بہترین اور باوقار جواب دیا ہے۔