جماعت اسلامی نے آزاد کشمیر تنازع حل کرنے کے لیے امن جرگہ تشکیل دے دیا

جرگے میں ریٹائرڈ ججز، بیورو کریٹس، وزیراعظم، صدر مملکت، پاکستانی ریاستی مقتدر شخصیات سے رابطے اور ملاقاتیں کرے گا

اسلام آباد:

جماعت اسلامی نے آزاد کشمیر کے حالیہ تنازع کو حل کرنے کے لیے امن جرگہ تشکیل دے دیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق جماعت اسلامی پاکستان کی کمیٹی کا اجلاس نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں آزاد کشمیر کا تنازع حل کرنے کے لیے امن جرگہ تشکیل دے دیا گیا۔

جرگے میں ریٹائرڈ ججز، بیورو کریٹس، سول سوسائٹی کے نمائندے شامل ہیں۔ امن جرگہ وزیراعظم، صدر مملکت، پاکستانی ریاستی مقتدر شخصیات سے رابطے اور ملاقاتیں کرے گا، جرگہ آزاد کشمیر کی حکومت، سیاسی جماعتوں، دینی قیادت اور جوائنٹ ایکشن کمیٹی سے بھی ملاقاتیں اور رابطے کرے گا۔

لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ کمیٹی کے اجلاس میں امن جرگہ تشکیل دیا گیا ہے، جماعت اسلامی نے جوائنٹ ایکشن کمیٹی سے مسلسل رابطے اور ملاقاتیں کیں، جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے مذاکرات پر آمادگی ظاہر کی ہے حکومت بھی فوری بات چیت کا آغاز کرے، مقتدر قوتوں کو بھی اپنی سوچ کو بدلنا چاہیے، ڈیڈ لاک کی وجہ سے کشمیر کاز کو نقصان پہنچ رہا ہے۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ تحریک آزادی کشمیر کی قربانیوں کا تقاضا ہے کہ کوئی بھی فریق انا اور ہٹ دھرمی نہ دکھائے، احتجاج کو پُرامن رکھنا احتجاج کرنے والوں کی ذمہ داری ہے، ریاست بھی ایسا ماحول نہ بنائے جس سے احتجاج پُرتشدد بنے، حکومت اور ریاستی ادارے بااختیار ہیں وہ اس مسئلے کا خود حل تلاش کریں،  پاکستان اور آزاد کشمیر کی سیاسی قیادت بشمول اپوزیشن اپنے آپ کو اس مسئلے سے لاتعلق نہ کرے۔

لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ انتخابات عوام کا حق اور آزاد کشمیر کے جمہوری کردار کے لیے اہم ہیں، بروقت شفاف اور غیر جانب دارانہ انتخابات کراکے آزاد کشمیر کے عوام کا مینڈیٹ تسلیم کیا جائے۔

Load Next Story