لاہور، گرین ٹاؤن میں پولیس مقابلہ، دو ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار، ساتھی فرار
فوٹو: فائل
گرین ٹاؤن کے علاقے میں پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان مقابلہ ہوا جس کے نتیجے میں دو ملزمان زخمی حالت میں گرفتار جبکہ ان کے دو ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
پولیس کے مطابق گرین ٹاؤن پولیس نے ناکے پر دو موٹر سائیکلوں پر سوار چار مشتبہ افراد کو رکنے کا اشارہ کیا،
تاہم ملزمان نے رکنے کے بجائے پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کردی اور فرار ہونے کی کوشش کی۔
پولیس نے ملزمان کا تعاقب کیا جس دوران فائرنگ کے تبادلے میں دو ملزمان اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی ہوگئے جبکہ دو ملزمان موقع سے فرار ہوگئے۔
زخمی حالت میں گرفتار ملزمان کی شناخت محمد وقاص اور شہزادہ امتیاز مسیح کے نام سے ہوئی ہے جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
ایس پی صدر شاہ رخ خان کے مطابق گرفتار ملزمان ڈکیتی سمیت دیگر سنگین مقدمات میں سابقہ ریکارڈ یافتہ ہیں جبکہ فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔