انسداد اسمگلنگ آپریشن؛ 3 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی منشیات برآمد
فوٹو: میڈیا
ملک میں انسداد اسمگلنگ آپریشنز کے دوران 3 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی منشیات برآمد کرلی گئی۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 7 کارروائیوں کے دوران 8 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔ ان کارروائیوں میں 3 کروڑ 5 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 383.6 کلوگرام منشیات برآمد کی گئی ہیں۔
باچا خان ایئرپورٹ پر جدہ جانے والے مسافر کے بیگ میں موجود احرام میں جذب 9.2 کلوگرام آئس برآمد ہوئی۔ علاوہ ازیں کراچی حیدرآباد ٹول پلازہ کے قریب گاڑی سے 294 کلو چرس، 30 بور پسٹل، 1 میگزین، 6 راؤنڈز برآمد کر لیے گئے۔
اُدھر کوئٹہ میں ہوٹل کے قریب موٹر سائیکل سوار ملزم سے 30 کلوگرام چرس، دینہ میں گھر سے 13.2 کلوگرام چرس برآمد کر کے ملزم گرفتار کر لیا گیا۔ سہراب گوٹھ کراچی کے قریب 2 ملزمان کے قبضے سے 12 کلوگرام چرس، ترکئی ٹول پلازہ جہلم کے قریب گاڑی سے 7.2 کلوگرام چرس برآمد کر کے ملزم گرفتار کیا گیا۔
کراچی میں واقع کوریئر آفس میں 2 فائبر باکس سے 18 کلوگرام چرس برآمد ہوئی ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ ان تمام کارروائیوں کا انسداد منشیات ایکٹ 1997 کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اے این ایف حکام ملک بھر میں منشیات کے خاتمے کے لیے اپنی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔