اسلام آباد میں شیشہ کیفوں کیخلاف درخواست، ڈی سی اور آئی جی عدالت طلب
فوٹو: فائل
اسلام آباد ہائی کورٹ میں وفاقی دارالحکومت میں شیشہ کیفوں کی بڑھتی تعداد اور ایڈز و ایچ آئی وی کے مریضوں میں اضافے سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی، جس میں عدالت نے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد اور آئی جی پولیس کو آئندہ سماعت پر ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا۔
چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے شہری عبدالجبار کی درخواست پر سماعت کی، جبکہ درخواست گزار کی جانب سے وکیل محمد سہیل خورشید ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔
دوران سماعت چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ شیشہ کیفوں کی تفصیلات کیوں طلب کی جا رہی ہیں، جس پر وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ اسلام آباد میں شیشہ کیفوں کی تعداد میں اضافہ ہو چکا ہے جہاں رات بھر پارٹیاں جاری رہتی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ کئی کیفے این او سی کے ساتھ جبکہ متعدد بغیر اجازت کے کام کر رہے ہیں۔
وکیل کے مطابق شام سے لے کر صبح تک جاری رہنے والی ان سرگرمیوں کے باعث معاشرتی اور صحت کے مسائل بڑھ رہے ہیں، اور وزیر صحت کے بیان کے مطابق ایسی تقریبات ایڈز اور ایچ آئی وی کے پھیلاؤ کا سبب بن رہی ہیں۔
عدالت سے استدعا کی گئی کہ شیشہ کیفوں کی مکمل تفصیلات طلب کی جائیں اور قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا طریقہ کار بھی پیش کیا جائے۔
عدالت نے چیف کمشنر، ڈپٹی کمشنر اور آئی جی اسلام آباد پولیس کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا، جبکہ کیس کی مزید سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کر دی گئی۔