ایندھن کی قیمتوں کا روزانہ تعین کا فیصلہ، پٹرول پمپ مالکان نے مخالفت کردی
حکومت کی جانب سے ایندھن کی قیمتوں کا روزانہ کی بنیاد پر تعین کا فیصلہ متوقع ہے، نئے نظام کے تحت اوگرا روزانہ رات کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں طے کرے گا جب کہ آل پاکستان پٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن کی جانب سے حکومت کے اس مجوزہ فیصلے پر شدید تشویش کا اظہار کیا جاتا ہے جس کے تحت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو ڈیلی بنیادوں پر مقرر کرنے کی تجویز زیر غور ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق حکومت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے لیے روزانہ کی بنیاد پر ایک نیا طریقہ کار متعارف کرانے پر غور کر رہی ہے، جس کے تحت قیمتوں کے حتمی تعین میں حکومت کا اپنا کردار نمایاں طور پر کم ہو جائے گا۔
پیٹرولیم ڈویژن کے اعلیٰ عہدیدار کے مطابق اس مجوزہ نظام کے تحت، آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) ہر رات موٹر اسپرٹ (ایم ایس/پیٹرول)، ہائی اسپیڈ ڈیزل (ایچ ایس ڈی)، لائٹ ڈیزل آئل (ایل ڈی او)، اور مٹی کے تیل (کے او) کی قیمتوں کا تعین کرنے کی واحد ذمہ دار ہوگی، اور یہ تبدیل شدہ قیمتیں روزانہ رات 12 بجے سے لاگو ہوں گی۔
آل پاکستان پٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن کی جانب سے حکومت کے اس مجوزہ فیصلے پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا جس کے تحت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو ڈیلی بنیادوں پر مقرر کرنے کی تجویز زیر غور ہے۔
اپنی پریس ریلیز میں اس نے کہا کہ ایسوسی ایشن واضح طور پر یہ اعلان کرتی ہے کہ ڈیلی پرائس میکانزم ہمیں ہرگز قابل قبول نہیں۔ پہلے ہی ہفتہ وار قیمتوں کے نظام نے پٹرول پمپ مالکان کے کاروبار کو شدید متاثر کیا ہے، جس کی وجہ سے اسٹاک مینجمنٹ، مالی منصوبہ بندی اور کاروباری استحکام میں سنگین مسائل پیدا ہو رہے ہیں۔ ایسی صورتحال میں ڈیلی بنیادوں پر قیمتوں کا تعین اس بحران کو مزید بڑھا دے گا۔
وائس چیئرمین آل پاکستان پٹرول پمپ اونر اسوسی ایشن نعمان علی بٹ نے کہا کہ یہ امر انتہائی افسوسناک ہے کہ اس اہم فیصلے میں اسٹیک ہولڈرز، خصوصاً پٹرول پمپ مالکان کو اعتماد میں نہیں لیا جا رہا۔ کسی بھی پالیسی کی کامیابی کے لیے متعلقہ فریقین سے مشاورت ناگزیر ہوتی ہے، جسے مکمل طور پر نظر انداز کیا جا رہا ہے۔
ایسوسی ایشن حکومت سے پرزور مطالبہ کرتی ہے کہ ڈیلی پرائس میکانزم کے فیصلے پر فوری نظر ثانی کی جائے، پٹرول پمپ مالکان کو اعتماد میں لے کر قابل عمل اور متوازن پالیسی تشکیل دی جائے۔
بیان کے مطابق موجودہ نظام کو بہتر بنا کر کم از کم ماہانہ بنیادوں پر قیمتوں کا تعین کیا جائے تاکہ کاروباری استحکام ممکن ہو سکے، اگر ہمارے تحفظات کو سنجیدگی سے نہ لیا گیا تو ایسوسی ایشن اپنے آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کرنے پر مجبور ہوگی۔