مسلسل منفی باتیں کرنے سے دنیا میں کراچی کا غلط تاثر جاتا ہے، وزیراعلیٰ سندھ
وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ مسلسل منفی باتیں کرنے سے دنیا میں کراچی کا غلط تاثر جاتا ہے، کراچی ایک بڑا شہر ہے، یہاں مسائل پیدا ہوتے ہیں لیکن سندھ حکومت ان کے حل کے لیے مسلسل اقدامات کر رہی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) کے دفتر میں انڈس اسپتال کے سربراہ ڈاکٹر عبدالباری خان کی خدمات کے اعتراف میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر سعید غنی، ترجمان سندھ حکومت نادر گبول، آئی جی پولیس جاوید عالم اوڈھو سمیت دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔
اپنے خطاب میں وزیراعلیٰ سندھ نے ڈاکٹر عبدالباری خان کی شعبۂ صحت میں گراں قدر خدمات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا، انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عبدالباری خان کی عوامی خدمت اور انڈس اسپتال کے ذریعے طبی سہولیات کی فراہمی قابلِ ستائش ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت انڈس اسپتال کی محض ڈونر نہیں بلکہ اس کی شراکت دار ہے، سندھ حکومت انڈس اسپتال کے ساتھ کراچی کے علاوہ بدین میں بھی عوام کو صحت کی سہولیات فراہم کر رہی ہے۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت صحت سمیت مختلف شعبوں میں نجی شراکت داروں کے ساتھ دیانتداری اور خلوص کے ساتھ کام کر رہی ہے، صحت کے شعبے میں سرکاری و نجی اشتراک کے مثبت نتائج عوام تک پہنچ رہے ہیں، میں پوری لگن، دیانتداری اور خلوص کے ساتھ عوام کی خدمت کر رہا ہوں، اسی لیے سکون سے سوتا ہوں، عوامی خدمت ہی میری اولین ترجیح ہے اور اسی جذبے کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں نبھا رہا ہوں۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ کاٹی کی تجاویز اور مشاورت سے صنعتی علاقوں میں متعدد ترقیاتی منصوبے مکمل کیے گئے ہیں، صنعتی علاقوں کی ترقی سندھ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، وزیراعلیٰ سندھ تاج حیدر برج، کورنگی کراسنگ برج اور شاہراہِ بھٹو جیسے منصوبے صنعتی ترقی میں سنگِ میل ثابت ہوں گے، شاہراہِ بھٹو کا کراچی بندرگاہ سے منسلک ہونے کے بعد صنعتی اور تجارتی سرگرمیوں میں نمایاں اضافہ ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ بندرگاہ سے براہِ راست رابطہ قائم ہونے سے صنعتکاروں کو بہتر سفری سہولت اور کم لاگت کی نقل و حمل میسر آئے گی، سندھ حکومت صنعت، تجارت اور انفراسٹرکچر کی ترقی کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔ کاٹی کا شکر گزار ہوں کہ وہ سندھ حکومت کے ساتھ مل کر ترقی اور عوامی خدمت کے لیے کام کر رہی ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ کاٹی کے صنعتکار امن و امان کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کر رہے تھے، صنعتکاروں کی شکایات پر فوری طور پر ٹاسک فورس قائم کی، آج کاٹی اسی اقدام پر ہمارا شکریہ ادا کر رہی ہے، سندھ کے تمام صنعتی علاقوں میں انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے سندھ حکومت فنڈز فراہم کرتی رہے گی۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ مالی مشکلات کے باوجود سندھ حکومت نے ترقیاتی منصوبوں کی رفتار کم نہیں ہونے دی، کراچی کے پرانے ترقیاتی منصوبوں کا مکمل ریکارڈ اور ڈرائنگز دستیاب نہیں، کھدائی کے دوران غیر متوقع صورتحال سامنے آ جاتی ہے، کھدائی کے دوران زیر زمین تنصیبات سامنے آنے کے باعث کئی ترقیاتی منصوبوں میں تاخیر ہو جاتی ہے
وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ کراچی میرا شہر ہے، اس سے مجھے خصوصی محبت ہے، بعض رہائشی اپنے ہی شہر کے بارے میں منفی تاثر پیش کرتے ہیں، جو درست رویہ نہیں، اپنے ہی شہر کے بارے میں مسلسل منفی باتیں کرنے سے دنیا میں کراچی کا غلط تاثر جاتا ہے، ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ کراچی کی ترقی اور مثبت تشخص کے لیے مل کر کردار ادا کریں۔
اکرام راجپوت:
صدر کاٹی محمد اکرام راجپوت نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ ڈاکٹر عبدالباری خان کی شعبۂ صحت میں بے مثال خدمات کے اعتراف میں یہ تقریب منعقد کی گئی ہے، انہوں نے نے وزیراعلیٰ سندھ کی صحت اور انفراسٹرکچر کی ترقی کے لیے اقدامات کو سراہا۔
صدر کاٹی نے شاہراہِ بھٹو، کورنگی کے فلائی اوورز اور دو ارب روپے کی خصوصی گرانٹ پر وزیراعلیٰ سندھ کا شکریہ ادا کیا، انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ نے کاٹی کو سڑکوں کی تعمیر کے لئے پہلے بھی گرانٹ دی تھی، وزیراعلیٰ سندھ نے پہلے بھی کاٹی کو گرانٹ جس سے انڈسٹریل ایریا میں معیاری سڑکیں تعمیر ہوئیں۔
اکرام راجپوت کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کی مزید دو ارب روپے کی گرانٹ سے بہترین ترقیاتی منصوبوں بنائیں گے، کورنگی کراسنگ ایجوکیشن سٹی بن گیا ہے، یہاں ایک تین کلومیٹر لوپ روڈ کی تعمیر کی جائے۔
زبیر چھایا:
زبیر چھایا نے کہا کہ گمبٹ، این آئی سی وی ڈی، جناح اسپتال، این آئی سی ایچ اور انڈس اسپتال کے ساتھ سندھ حکومت کے اشتراک نے صحت کے شعبے میں انقلاب برپا کر دیا ہے، ڈاکٹر عبدالباری خان نے انڈس اسپتال کے ذریعے دکھی انسانیت کی جو خدمت کی ہے وہ قابلِ تحسین ہے۔
زبیر چھایا کا کہنا تھا کہ کورنگی انڈسٹریل ایریا میں امن و امان کی صورتحال تسلی بخش ہے، کاٹی کے لیے انتظامیہ، پولیس اور کاٹی عہدیداران پر مشتمل ٹاسک فورس مؤثر انداز میں کام کر رہی ہے، سندھ حکومت کی دو ارب روپے کی گرانٹ سے شروع ہونے والے ترقیاتی منصوبوں کا سنگِ بنیاد وزیراعلیٰ سندھ سے رکھوائیں گے۔
ڈاکٹر عبدالباری خان:
انڈس اسپتال کے سربراہ ڈاکٹر عبدالباری خان نے کہا کہ کاٹی کی جانب سے عزت افزائی پر دل کی گہرائیوں سے شکر گزار ہوں، عوام کی خدمت کے لیے شعبۂ صحت میں کام کرنا میرے لیے باعثِ اعزاز ہے، انڈس اسپتال سندھ کے علاوہ پنجاب اور بلوچستان میں بھی عوام کو معیاری طبی سہولیات فراہم کر رہا ہے۔
ڈاکٹر عبدالباری خان نے کہا کہ انڈس اسپتال نیٹ ورک کی سب سے بڑی شراکت دار سندھ حکومت ہے، سندھ حکومت کے تعاون سے انڈس اسپتال نے صحت کے شعبے میں خدمات کا دائرہ مزید وسیع کیا ہے، انڈس اسپتال کو 300 ملین روپے سے بڑھا کر 8 ارب روپے کی گرانٹ فراہم کرنے پر سندھ حکومت کے شکر گزار ہیں۔