لیاری میں جماعت اسلامی کے دفتر پر دستی بم حملے کا مقدمہ درج
چاکیواڑہ پولیس نے لیاری میں جماعت اسلامی کے دفتر پر دستی بم حملے کا مقدمہ درج کرلیا۔
منگل کی شب چاکیواڑہ کے علاقے پھول پتی لین حاجی بچل روڈ پر دستی بم حملے میں جماعت اسلامی کے حلقہ ناظم سمیت 3 افراد چھرے لگنے سے زخمی ہوئے تھے جو سول اسپتال میں زیر علاج ہیں۔
واقعے کا مقدمہ ایک نامعلوم ملزم کیخلاف ایکسپلوزو ایکٹ اور دہشت گردی کی دفعات سمیت دیگردفعات کے تحت جماعت اسلامی کے مقامی ناظم حلقہ عبدالباقی کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔
انہوں نے اپنے بیان میں بتایا کہ جب سے ہم جماعت اسلامی کا حصہ بنے ہیں اور فلاحی کام شروع کیا تو ہمیں مختلف نامعلوم ذرائع سے دھمکیاں مل رہی تھیں۔
مدعی کا کہنا تھا کہ نامعلوم ملزم نے ہمیں جان سے مارنے کی نیت اور خوف و ہراس پھیلانے کے لئے ہینڈ گرنیڈ پھینکا جس کے پھٹنے کی وجہ سے ہم تینوں زخمی ہو گئے۔
مدعی کے بیان پر جرم دفعہ EXPLOSIVE SUBSTANCE ACT 1908 R/W 7ATA 14 / 3 و 324 ت پ کے تحت نامعلوم ملزم اسم سکونت نامعلوم کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش مقدمہ انچارج CIC تھانہ چاکیواڑہ کے سپرد کردی گئی۔