امریکی بیس بال لیگ کے کھلاڑی کوڈی بیلنگر نے سب سے بہترین کھلاڑی کا اعزاز اپنے نام کر لیا
امریکی بیس بال لیگ (ایم ایل بی) کے آل اسٹار گیم میں نیویارک یانکیز کے اسٹار کھلاڑی کوڈی بیلنگر نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سب سے بہترین کھلاڑی (MVP) کا اعزاز اپنے نام کر لیا۔
اٹلانٹا میں کھیلے گئے آل اسٹار گیم میں کوڈی بیلنگر نے پہلے ہی اننگز میں کرسٹوفر سانچیز کی گیند پر دو رنز کی فیصلہ کن سنگل ہٹ لگائی، جس کی بدولت امریکن لیگ نے نیشنل لیگ کو 0-4 سے شکست دے دی۔
میچ کے بعد ایوارڈ تقریب میں بیلنگر کی اہلیہ، دونوں بیٹیاں کیڈن اور سائ، جبکہ ان کے والد اور سابق یانکیز کھلاڑی کلی بیلنگر بھی موجود تھے۔ اپنے بیٹے کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کلی بیلنگر نے کہا کہ اسے یہ اعزاز جیتتے دیکھنا ان کے لیے انتہائی فخر کا لمحہ ہے۔
31 سالہ کوڈی بیلنگر گزشتہ موسم سرما میں 162.5 ملین ڈالر مالیت کے پانچ سالہ معاہدے کے تحت دوبارہ نیویارک یانکیز سے منسلک ہوئے تھے اور اس سیزن میں ٹیم کی بیٹنگ لائن اپ کا اہم حصہ رہے ہیں۔
بیلنگر نے کہا کہ بیس بال ایک ایسا کھیل ہے جس میں ہر دن مختلف ہوتا ہے۔ ان کے مطابق آل اسٹار وقفے سے قبل اگرچہ ان کی فارم متاثر ہوئی، تاہم انہیں یقین تھا کہ وہ دوبارہ اپنی بہترین کارکردگی دکھانے میں کامیاب ہوں گے۔
کوڈی بیلنگر اس سے قبل 2017 میں نیشنل لیگ کے روکی آف دی ایئر جبکہ 2019 میں نیشنل لیگ کے ایم وی پی بھی رہ چکے ہیں۔ انجریز اور خراب فارم کے باعث انہیں چند مشکل سیزن کا سامنا کرنا پڑا، تاہم شاندار کم بیک کے بعد وہ ایک بار پھر بیس بال کے بڑے ستاروں میں شمار کیے جا رہے ہیں۔
اس اعزاز کے ساتھ کوڈی بیلنگر نیویارک یانکیز کی تاریخ کے چوتھے کھلاڑی بن گئے ہیں جنہوں نے ایم ایل بی آل اسٹار گیم کا ایم وی پی ایوارڈ جیتا۔ اس سے قبل یہ اعزاز ڈیریک جیٹر (2000)، ماریانو رویرا (2013) اور جیانکارلو اسٹینٹن (2022) اپنے نام کر چکے ہیں۔