درآمدی پیٹرول مارکیٹ تک نہ پہنچ سکا، ملک میں صرف 15 دن کا ذخیرہ رہ گیا

کسٹم کلیئرنس میں تاخیر ہورہی ہے، حکومت نے مداخلت نہ کی تو ملک میں پیٹرول کی قلت کا خدشہ ہے،آئل کمپنیز ایڈوائزی کونسل

اسلام آباد:

آئل کمپنیز ایڈوائزی کونسل نے حکومت کو ملک میں پیٹرول کی ممکنہ قلت سے خبردار کرتے ہوئے پیٹرول کی سپلائی برقرار رکھنے کے لیے حکومت سے فوری مداخلت کا مطالبہ کردیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق او سی اے سی (آئل کمپنیز ایڈوائزی کونسل) نے کہا ہے کہ ملک میں پیٹرول کا ذخیرہ تقریباً 370 ہزار ٹن، صرف 15 روز کی کوریج باقی ہے، کسٹمز کلیئرنس میں تاخیر کے باعث درآمدی پیٹرول مارکیٹ تک نہ پہنچنے کا انکشاف ہوا ہے، کسٹمز میں مزید تاخیر سے ملک کے مختلف علاقوں میں پیٹرول کی قلت پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔

آئل کمپنیز ایڈوائزی کونسل کے مطابق آئل مارکیٹنگ کمپنیوں نے 66.7 ارب روپے کے زیر التوا کلیمز فوری جاری کرنے کا مطالبہ کیا ہے اور کہا ہے کہ مالی بحران کے باعث آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کی درآمدی صلاحیت متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

او سی اے سی نے حکومت سے درآمدی پیٹرولیم مصنوعات کی فوری کسٹمز کلیئرنس اور ہنگامی اقدامات کا مطالبہ کردیا اور کہا ہے کہ فوری اقدامات نہ کیے گئے تو پیٹرول کی فراہمی متاثر ہونے اور مقامی سطح پر قلت کا خدشہ ہے۔

متعلقہ

Load Next Story