اسلام آباد:
وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ پاکستان میں پیٹرول کی قیمتیں بنگلہ دیش، سری لنکا اور ترکیہ سے کم جبکہ بھارت کے تقریباً برابر ہیں، مقامی ڈیزل کی پیداوار بڑھانے کے لیے ریفائنری پالیسی میں ترامیم تجویز کر دی ہیں۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق پیٹرولیم نرخوں کے تعین کے نظام میں اصلاحات کے لیے وزیراعظم کی قائم کردہ کمیٹی کا اہم اجلاس وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک کی زیر صدارت منعقد ہوا۔
اجلاس کے بعد جاری کردہ اعلامیے کے مطابق عالمی مارکیٹ کے تناظر میں پیٹرولیم قیمتوں کے تعین کے مختلف طریقہ کار کا جائزہ لیا گیا، کمیٹی نے سفارش کی کہ اوگرا روزانہ پیلاٹس (platts) قیمتوں کا ڈیٹا ویب سائٹ پر جاری کرے تاکہ عوام کو قیمتوں کے تعین کا بینچ مارک معلوم ہو۔
اجلاس میں پیٹرولیم پرائس اسٹیبلائزیشن فنڈ کو قواعد پر مبنی، شفاف اور صوابدیدی فیصلوں سے پاک نظام کے تحت چلانے پر اتفاق کیا گیا، تیل کی سپلائی چین کی ڈیجیٹلائزیشن پر تمام اراکین کا اتفاق ہوا اور شفافیت بڑھانے پر زور دیا گیا۔
وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا کہ آبنائے ہرمز کی دوبارہ بندش سے عالمی توانائی منڈیوں میں غیر یقینی صورتحال پیدا ہوئی، کمیٹی کی ذمہ داری مزید اہم ہو گئی، کے پی ایم جی سٹڈی کے مطابق پاکستان میں پیٹرول کی قیمتیں بنگلہ دیش، سری لنکا اور ترکیہ سے کم جبکہ بھارت کے تقریباً برابر ہیں، مقامی ڈیزل پیداوار بڑھانے اور درآمدی ڈیزل پر انحصار کم کرنے کے لیے ریفائنری پالیسی میں ترامیم تجویز کر دی ہیں۔
علی پرویز ملک نے کہا کہ مقامی ڈیزل پیداوار میں اضافہ پاکستان کی توانائی سلامتی کو مزید مضبوط بنائے گا، پیٹرولیم پرائسنگ کمیٹی کا آئندہ اجلاس حتمی ہوگا جس کے بعد سفارشات وزیراعظم کو پیش کی جائیں گی۔
ریفائنریوں کی اپ گریڈیشن کے لیے 6 ارب ڈالر سرمایہ کاری کی راہ ہموار ہونے کا امکان
ریفائنریوں کی اپ گریڈیشن کے لیے 6 ارب ڈالر سرمایہ کاری کی راہ ہموار ہونے کا امکان ہے، پیٹرولیم ڈویژن نے 129 صفحات پر مشتمل سمری منظوری کے لیے کابینہ کمیٹی برائے توانائی کو بھجوا دی۔
ذرائع کے مطابق ریفائنری پالیسی 2023ء میں 6 نئی شقیں شامل کرنے کی تجویز دی گئی ہے، حکومت نے ریفائنریوں کے لیے 7 سالہ مراعاتی پیکیج کی بھی تجویز دی ہے، استحکام اور برابری کی شقوں سے سرمایہ کاروں کو قانونی تحفظ فراہم کیا جائے گا۔
منظوری کے بعد مقامی ریفائنریوں اور اوگرا کے درمیان اپ گریڈ معاہدوں پر دستخط ہوں گے، اپ گریڈیشن کے بعد یورو فائیو معیار کا ایندھن تیار کیا جائے گا، پالیسی کا مقصد پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی پیداوار بڑھانا اور فرنس آئل کم کرنا ہے۔
سمری کے مطابق ریفائنریاں نوٹی فکیشن کے 90 روز کے اندر اوگرا کے ساتھ اپ گریڈ معاہدہ کرنے کی پابند ہوں گی، ریفائنریوں کو بیرونی قرضوں کی ادائیگی کے لیے غیر ملکی کرنسی اکاؤنٹس کھولنے کی اجازت ہوگی۔
دریں اثنا ایس آئی ایف سی نے اپ گریڈ معاہدوں میں تاخیر کرنے والی ریفائنریوں کو ریلیف دینے کی سفارش کی ہے۔