قومی کرکٹرز کی فٹنس بہتر بنانے کے لیے پی سی بی کا بڑا فیصلہ، پیڈل اسپورٹس کھیلنا لازمی قرار

پیڈل کورٹس کے قیام کا مقصد کھلاڑیوں کو جدید تربیتی اور تفریحی سہولیات ایک ہی جگہ فراہم کرنا ہے، عاقب جاوید

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے قومی کرکٹرز کی فٹنس اور مجموعی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے نیشنل کرکٹ اکیڈمی (این سی اے) میں جدید پیڈل کورٹس قائم کر دیے ہیں جہاں کھلاڑی اب تربیتی کیمپوں کے دوران باقاعدگی سے پیڈل کھیل سکیں گے۔

پی سی بی کے ہائی پرفارمنس ڈائریکٹر عاقب جاوید نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پیڈل کورٹس کے قیام کا مقصد کھلاڑیوں کو جدید تربیتی اور تفریحی سہولیات ایک ہی جگہ فراہم کرنا ہے تاکہ انہیں کھیلنے کے لیے اکیڈمی سے باہر نہ جانا پڑے۔

انہوں نے کہا کہ پہلے کھلاڑی پیڈل کھیلنے کے لیے باہر جاتے تھے، تاہم اب این سی اے میں ہی یہ سہولت موجود ہے۔ اس اقدام سے نہ صرف کھلاڑیوں کی جسمانی فٹنس بہتر ہوگی بلکہ طویل تربیتی کیمپوں کے دوران ان کی مجموعی کارکردگی میں بھی بہتری آئے گی۔

عاقب جاوید کے مطابق طویل تربیتی کیمپوں میں ہر دوسرے روز تقریباً 40 منٹ پیڈل کھیلنا لازمی ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ کیمپوں کے دوران صرف کرکٹ کھیلنا ضروری نہیں، پیڈل ایک ایسی کھیل ہے جو فٹنس کے ساتھ ساتھ فیلڈنگ میں درکار تیز رفتار نقل و حرکت کو بھی بہتر بناتی ہے اس لیے یہ کرکٹرز کے لیے انتہائی مفید ثابت ہوگی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ پی سی بی کا مستقبل میں نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں مزید کھیلوں اور تفریحی سہولیات کو شامل کرنے کا ارادہ ہے، ان کا کہنا تھا کہ مختلف کھیلوں اور تفریحی سرگرمیوں سے کھلاڑیوں کی ایتھلیٹک صلاحیتوں میں اضافہ ہوگا، ذہنی تازگی برقرار رہے گی اور طویل تربیتی کیمپوں کے دوران ان کی مجموعی کارکردگی مزید بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔

Load Next Story