امریکا میں طالب علم کی ریکارڈ ساز کارکردگی، جی پی اے پیمائشی نظام کی تبدیلی پر غور
امریکا میں طالب علم کے ریکارڈ 11.99 جی پی اے حاصل کرنے کے بعد گریڈ پوائنٹ ایوریج کا نظام تبدیل کیا جا رہا ہے۔
اسٹین برینر ہائی اسکول سے ویلڈیکٹورین کی حیثیت سے گریجویٹ ہونے والے ویبھاو بھاسکر نے 11.99 جی پی اے حاصل کی۔ اس طرح انہوں نے 11.84 جی پی اے کا ریاستی ریکارڈ توڑ دیا، جو 2022 میں گیتھر ہائی اسکول کے گریجویٹ ڈیلن مزارڈ نے قائم کیا تھا۔
ویبھاو بھاسکر اتنی بھاری جی پی اے حاصل کرنے میں اس لیے کامیاب رہے کیونکہ ہِلزبرو کاؤنٹی کی پالیسی کے تحت ایڈوانسڈ پلیسمنٹ اور ڈوئل انرولمنٹ کورسز کے لیے معمول کے 4.0 اسکور سے زیادہ اضافی پوائنٹس دیے جاتے تھے۔
طالب علم نے ہائی اسکول کے دوران 20 اے پی کورسز کیے جبکہ یونیورسٹی آف فلوریڈا کے آن لائن پروگرام کے ذریعے 24 ڈوئل انرولمنٹ کالج کورسز بھی مکمل کیے جو ایک ایسوسی ایٹ ڈگری حاصل کرنے کے لیے کافی تھے۔
مقامی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ویبھاو بھاسکر نے کہا کہ جب انہوں نے یہ ذہن بنا لیا کہ انہیں سب سے اوپر رہنا ہے، تو انہوں نے ہر موقع سے فائدہ اٹھایا۔ انہوں نے سب سے مشکل مضامین لیے، اپنے اسکول کا تقریباً پورا نصاب مکمل کیا اور پھر دیکھا کہ اس کے بعد وہ مزید کیا کر سکتے ہیں۔