میں اپنی والدہ کے اخراجات نہیں اٹھاتی کیونکہ یہ میرا کام نہیں، کومل عزیز
پاکستانی اداکارہ کومل عزیز نے والدین کی مالی ذمے داری سے متعلق اپنے بیان کے بعد سوشل میڈیا پر نئی بحث چھیڑ دی۔
انسٹاگرام پر مداحوں کے سوال و جواب کے دوران ایک صارف نے پوچھا کہ کیا وہ اپنی والدہ کے اخراجات اٹھاتی ہیں؟ اس پر کومل عزیز نے جواب دیا، ’’نہیں، میرا ماننا ہے کہ خاندان کے اخراجات اٹھانا مرد کی ذمے داری ہے۔‘‘
اداکارہ نے اس موقع پر مالی منصوبہ بندی اور بچت کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ’’میرے مرحوم والد نے بچت اور سرمایہ کاری کے ذریعے والدہ کو مالی طور پر اتنا مستحکم بنا دیا ہے کہ انہیں اپنے بچوں پر انحصار کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔‘‘
اداکارہ کے اس بیان پر سوشل میڈیا پر ملا جلا ردعمل سامنے آ رہا ہے۔ بعض صارفین کے مطابق اگر اولاد استطاعت رکھتی ہو تو والدین کی مدد کرنا بیٹے اور بیٹی دونوں کی ذمے داری ہے، جبکہ دیگر نے کومل عزیز کے مؤقف کی حمایت کرتے ہوئے ان کے والد کی دور اندیشی کو سراہا۔
واضح رہے کہ کومل عزیز ان دنوں اداکاری سے دور ہیں اور اپنی فیشن برانڈ ’امل بائے کومل‘ پر توجہ دے رہی ہیں۔