آئی جی سندھ نے افسران کے میڈیا انٹرویوز پر پابندی لگادی

پولیس افسران کے انٹرویوز، پریس کانفرنس، پوڈ کاسٹ میں شرکت کی وجہ سے سرکاری پالیسی کی غلط تشریح ہورہی ہے، مراسلہ

آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے صوبے بھر کے پولیس افسران کی میڈیا پر سرکاری حیثیت میں شرکت سے متعلق نئی ہدایات جاری کر دی ہیں۔

اس حوالے سے اسسٹنٹ انسپکٹر جنرل پولیس آپریشنز (اے آئی جی پی) بشیر بروہی کی جانب سے جاری مراسلے میں کہا گیا ہے کہ سندھ پولیس کے افسران بغیر پیشگی منظوری کے میڈیا بریفنگ ، ٹی وی یا ریڈیو پروگرام ، انٹرویو ، پریس کانفرنس ، پوڈکاسٹ ، ڈیجیٹل میڈیا یا کسی بھی عوامی فورم میں میڈیا سرگرمیوں میں حصہ لے رہے ہیں۔

مراسلے میں کہا گیا ہے کہ بغیر اجازت افسران کے انٹرویوز، پوڈ کاسٹ کے باعث ادارے کے موقف میں تضاد ، حساس معلومات کے غیرارادی انکشاف اور سرکاری پالیسی کی غلط تشریح کا خدشہ پیدا ہورہا ہے۔

 مراسلے کے مطابق آئندہ کوئی بھی پولیس افسر آئی جی سندھ کی پیشگی اجازت کے بغیر میڈیا پر نہیں آسکے گا جبکہ ٹی وی ، ریڈیو پروگرام ، پوڈکاسٹ اور پریس کانفرنس میں شرکت کے لیے پیشگی منظوری لازمی ہوگی۔

مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ڈیجیٹل میڈیا اور دیگر عوامی فورمز پر سرکاری حیثیت میں شرکت بھی پیشگی اجازت سے مشروط ہے۔

مراسلے کے مطابق ایسی تمام درخواستیں متعلقہ فارمیشن کے سربراہ کے ذریعے آئی جی سندھ کو سینٹرل پولیس آفس (سی ی او) ارسال کی جائیں گی اور ان پروگرام کا مقصد ، میڈیا پلیٹ فارم ، تاریخ ، وقت اور زیر بحث موضوع کی مکمل تفصیلات درج کرنا ہوں گے۔

مراسلے میں کہا گیا ہے کہ جن افسران کو اجازت دی جائے گی وہ منظور شدہ ایجنڈے تک گفتگو کو محدود رکھیں گے، جاری تحقیقات ، انٹیلیجنس اور آپریشنل معاملات کی حساس معلومات ظاہر کرنے پر پابندی عائد ہوگی۔

تمام نگران افسران کو ہدایات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت جاری کی گئی ہے، مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ہدایات کی خلاف ورزی کو سنجیدگی سے لیا جائے گا بصورت دیگر محکمانہ کارروائی بھی ہوسکتی ہے۔

مراسلے میں آئی جی سندھ کی ہدایات تمام ایڈیشنل آئی جیز ، ڈی آئی جیز ، اے جی آئی پی سی پی او اور کراچی سمیت اندرون سندھ کے تمام ڈسٹرکٹس ایس ایس پیز جاری کی گئی ہے۔

Load Next Story