فیفا ورلڈ کپ 1966: فاتح ٹیم انگلینڈ کے فٹبالر نوبی اسٹائلز کی موت کی اصل وجہ سامنے آگئی
انگلینڈ کی 1966 کی فیفا ورلڈ کپ فاتح ٹیم کے رکن اور سابق مانچسٹر یونائیٹڈ مڈفیلڈر نوبی اسٹائلز کی موت بار بار فٹبال کو ہیڈر کرنے سے پیدا ہونے والی دماغی بیماری کے باعث ہوئی۔ یہ فیصلہ برطانیہ کی اسٹاک پورٹ کورونر کورٹ نے تحقیقات مکمل ہونے کے بعد سنایا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق عدالت کو بتایا گیا کہ نوبی اسٹائلز تقریباً 78 برس کی عمر میں شدید ڈیمنشیا کے باعث انتقال کر گئے تھے اور اپنے 17 سالہ کیریئر کے دوران انہوں نے اندازاً ایک لاکھ 40 ہزار مرتبہ فٹبال کو ہیڈر کیا۔
نیوروپیتھالوجی کے ماہر ڈاکٹر ڈینیئل ڈو پلیسی نے عدالت کو بتایا کہ اسٹائلز کے دماغ کے تجزیے سے ثابت ہوا کہ وہ الزائمر کے ساتھ ساتھ کرونک ٹرامیٹک اینسیفالوپیتھی (CTE) نامی بیماری میں بھی مبتلا تھے جو بار بار سر پر لگنے والے جھٹکوں سے منسلک سمجھی جاتی ہے۔
ماہر نے عدالت میں واضح کیا کہ ان کے نزدیک بار بار ہیڈر لگانا ہی اسٹائلز میں سی ٹی ای کی بنیادی وجہ بنا۔
نوبی اسٹائلز نے انگلینڈ کی جانب سے 28 بین الاقوامی میچز کھیلے جبکہ مانچسٹر یونائیٹڈ کے لیے تقریباً 400 میچوں میں نمائندگی کی۔
سماعت کے دوران ان کے بیٹے جان اسٹائلز نے کہا کہ ان کے والد انتہائی عاجز انسان تھے اور انہوں نے کبھی اپنے کارناموں پر فخر نہیں جتایا۔ انہوں نے پہلے بھی یہ مؤقف اختیار کیا تھا کہ فٹبال نے میرے والد کی جان لی۔
جان اسٹائلز کے مطابق ان کے والد روزانہ اوسطاً 40 مرتبہ ہیڈر کی مشق کرتے تھے، ہفتے میں پانچ دن اور تقریباً 17 سال تک، جبکہ اس دور کی چمڑے کی گیندیں بارش میں بھیگنے کے بعد مزید بھاری ہو جاتی تھیں جس سے سر پر پڑنے والا دباؤ بڑھ جاتا تھا۔
واضح رہے کہ جان اسٹائلز ان درجنوں سابق فٹبالرز اور ان کے اہل خانہ میں شامل ہیں جنہوں نے فٹبال ایسوسی ایشن (FA)، فٹبال ایسوسی ایشن آف ویلز اور انگلش فٹبال لیگ کے خلاف مقدمہ دائر کر رکھا ہے۔ ان کا مؤقف ہے کہ متعلقہ ادارے بار بار ہیڈر لگانے سے دماغی نقصان کے خطرات سے آگاہ تھے مگر انہوں نے کھلاڑیوں کے تحفظ کے لیے مناسب اقدامات نہیں کیے۔
رواں برس جنوری میں سابق اسکاٹش اور مانچسٹر یونائیٹڈ ڈیفنڈر گورڈن میک کوئن کی موت کی تحقیقات میں بھی قرار دیا گیا تھا کہ بار بار ہیڈر لگانے سے ہونے والی دماغی چوٹ ان کی وفات کا ایک اہم سبب بنی جبکہ وہ بھی سی ٹی ای کے مرض میں مبتلا تھے۔
فٹبال میں دماغی بیماریوں سے متعلق بڑھتے خدشات کے پیش نظر فٹبال ایسوسی ایشن نے اب 11 سال سے کم عمر بچوں کے مقابلوں میں ہیڈر کو مرحلہ وار ختم کرنے کا عمل شروع کر دیا ہے۔