ایرانی حملہ ناکام، اردن کے فضائی دفاع نے آٹھ میزائل مار گرانے کا اعلان کر دیا
عمان: اردن کی مسلح افواج نے دعویٰ کیا ہے کہ ملک کے فضائی دفاعی نظام نے ایران کی جانب سے داغے گئے آٹھ میزائل فضا ہی میں تباہ کر دیے، جو اردن کی فضائی حدود یا اس کی جانب بڑھ رہے تھے۔
اردن کی فوج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ فضائی دفاعی یونٹس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے تمام میزائلوں کو کامیابی سے نشانہ بنایا، جس کے باعث کسی قسم کے جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
اردنی حکام کے مطابق فوج اور فضائی دفاعی نظام مکمل طور پر الرٹ ہیں اور ملک کی سلامتی کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایرانی فوج نے دعویٰ کیا تھا کہ اس نے اردن میں موجود امریکی فوجی تنصیبات کو ڈرونز کے ذریعے نشانہ بنایا ہے۔ ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق یہ کارروائی امریکا کی جانب سے ایران پر کیے گئے تازہ حملوں کے جواب میں کی گئی۔
تاحال دونوں ممالک کے دعوؤں کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی ہے جبکہ خطے میں کشیدگی مسلسل بڑھ رہی ہے۔
دفاعی ماہرین کے مطابق ایران اور امریکا کے درمیان جاری فوجی کشیدگی کے باعث اردن، خلیجی ممالک اور آبنائے ہرمز کے گرد سکیورٹی خدشات میں اضافہ ہو رہا ہے، جس کے علاقائی سلامتی اور عالمی صورتحال پر بھی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔